Live Updates

ملک کو نان انجینئرڈ طریقہ سے آگے بڑھنا چاہئے، 2013ء کے انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہوئی بلکہ عمران خان خود کسی ایمپائر کی انگلی کا انتظار اور جمہوریت جانے کی صورت میں مٹھائیاں بانٹنے کے احکامات دیتے رہے،

جمہوری حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ غیر جمہوری اقدامات سے بھری پڑی ہے وزیراعظم کے مشیر سینیٹر مصدق ملک کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 مئی 2018 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) وزیراعظم کے مشیر سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک کو نان انجینئرڈ طریقہ سے آگے بڑھنا چاہئے، 2013ء کے انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہوئی بلکہ عمران خان خود کسی ایمپائر کی انگلی کا انتظار اور جمہوریت جانے کی صورت میں مٹھائیاں بانٹنے کے احکامات دیتے رہے، جمہوری حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ غیر جمہوری اقدامات سے بھری پڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں بعض لوگوں کو جمہوریت بالکل نہیں بھاتی، وہ طبقے سمجھتے ہیں کہ عوام کے پاس اپنے نمائندے منتخب کرنے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کرنے کا حق کیوں ہے، وہ جمہوریت نہیں بلکہ ایلیٹ ازم کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے فوج پر دھاندلی کا جو الزام لگایا ہے یہ کوئی ان کا پہلا الزام نہیں، آپ کو یاد ہو تو خفیہ ٹیپ کا الزام بھی انہوں نے لگایا تھا اور پھر اردو بازار سے بیلٹ پیپرز چھپوانے کا الزام، پھر 35 پنکچرز کا الزام، پھر فخر الدین جی ابراہیم پر الزام، پھر آر اوز کا الزام اور پھر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تنقید اور بہت سے ایسے یو ٹرن ہیں، عمران خان الزام لگاتے اور پھر مکرتے رہے، عمران خان کے حالیہ الزام کو بھی سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ2018ء کے انتخابات میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے نہ کہ عمران خان نے۔ 2013ء کے انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہوئی بلکہ عمران خان خود کسی ایمپائر کی انگلی کا انتظار اور جمہوریت جانے کی صورت میں مٹھائیاں بانٹنے کے احکامات دیتے رہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات