کرپٹ عناصر نے ملک کی معاشی بنیادوں کوہلاکر رکھ دیا ہے‘میاں مقصود احمد

غلط پالیسیوں کے تسلسل سے بہتری نہیں آسکتی،عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 4 مئی 2018 19:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملک میں کرپشن کے آئے روز نت نئے اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں،کرپٹ عناصر نے ملک کی معاشی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے جبکہ انسداد کرپشن کے نیب سمیت دیگر تمام ادارے ملک سے کرپشن کاقلع قمع کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ پولیس میں اربوں روپے کی حالیہ کرپشن کرنے کاانکشاف ہوا جوکہ حکمرانوں کی گڈگورننس کاپول کھول دینے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمران ملک میں احتساب کانظام نہیں چاہتے۔

(جاری ہے)

اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن اور کرپٹ افراد کی لوٹ مارکابازار گرم ہے۔

موجودہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے کرپشن کو ناسور قراردیتے ہوئے اسے جڑ سے اکھاڑپھینکنے کاوعدہ عوام سے کیا تھا مگردیگر وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی جھوٹا ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی معاشی صورتحال زبوں حالی کاشکار ہے۔بے روزگاری،لاقانونیت،مہنگائی،دہشتگردی،لوڈشیڈنگ اور میرٹ کے برعکس نااہل افراد کو نوازنے جیسے سنگین مسائل کے حل پر برسراقتدار افراد کی کوئی توجہ نہیں۔

میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ ہماراسب سے بڑاالمیہ ہے کہ منتخب حکومتیں بجٹ میں بڑے بڑے کاغذی منصوبے دکھاکر رقم مختص توکرالیتی ہیں مگر نااہلی،غیر سنجیدگی اور ذاتی مفادات کے پیش نظر غیر ضروری کاموںکو اولیت دینے کے باعث خرچ نہیں کرپاتیںجس سے بنیادی ضروریات سے محروم علاقوں کے درمیان احساس محرومی بڑھ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اب تک آئی ٹی،محکمہ داخلہ،ایمرجنسی سروس کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری کر نے کے باوجودانہیں استعمال ہی نہیں کرسکی جو کہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ جب تک حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کاتسلسل جاری ہے تب تک بہتری نہیں آسکتی۔