جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت محکمہ پولیس نے بہتر نتائج حاصل کرنا شروع

جمعہ 4 مئی 2018 20:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) محکمہ پولیس میں پولیس ایکسس سروس کا قیام ایک اہم قدم تصور کیا جاتاہے۔ ابتدائی طور پر پولیس ایکسس سروس کا قیام سنٹرل پولیس آفس پشاور کی سطح پر عمل میںلایا گیا۔ اس کی کامیابی اور بہترین نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا دیاگیا۔ اس وقت صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ایکسس سروس آپریشنل ہے۔

پولیس ایکسس سروس میں پیغام پہنچانے کے وہ تمام طریقے اور زرائع ممکن بنا دئیے گئے ہیں جن کے زریعے صوبے کے کونے کونے سے شکایات کنندگان کی شکایات با آسانی وصول کی جاسکتی ہیں۔ صوبے کے تمام عوام اب ایس ایم ایس ، فیکس ، ای میل، ٹیلی فون(پولیس ٹو ویکٹم سروس)، آن لائن ایف آئی آر، ڈاک اور پیغام رسانی کے دیگر زرائع یا خود جاکر پولیس ایکسس سروس میںاپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس نظام کے تحت ہر شکایت PASکے خود کار ڈیٹا بیس میں درج ہوگی اور شکایت کنندہ کو ایس ایم ایس کے زریعے اس کی شکایت سے متعلق ایک کوڈ دیا جائیگا۔ اسی طرح PASمیں جوبھی شکایت رجسٹرڈ ہوگی تو سسٹم متعلقہ ایس ڈی پی او اور ڈی پی اُو کو ایس ایم ایس کے زریعے فوری اطلاع دیتی ہے اور متعلقہ ایس ڈی پی او اطلاع موصول ہونے کے 24گھنٹوں کے اندر اندر شکایت کنندہ سے رابطہ کرتاہے۔

تمام پولیس ایکس سروس کمپیوٹرائزڈ ٹائم لائن، مانیٹرنگ نظام سے لیس ہیں جو شکایات کا مقررہ وقت میں ازالہ یقینی بناتاہے۔ جو سب کو بلا امتیاز برابر رسائی اور عزت فراہم کرتاہے۔ اور یہ رسائی آسان ،تیز اور بلاواسطہ ہے اور مخصوص کوڈ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی شکایت نظر انداز نہیں کی جاتی۔ اور شکایت کاآزالہ ہونے تک آسانی سے قابل سراغ ہوتا ہے اور شکایت ردی کی ٹوکری میں نہیں جاتی ہے۔

شکایت درج کرنے کے بعد موصول ہونے والی ایس ایم ایس شکایت کنندہ کے لئے حوصلہ افزائی کا کام کرتاہے جو متاثرہ شخص کو یقین اور اُمید دلاتاہے کہ پولیس اس کے ساتھ کھڑی ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں قائم پولیس ایکسز سروس میں مجموعی طور پر 16,626شکایات موصول ہوئے ۔ جن میں 10311شکایات کا ازالہ کیا گیا۔جبکہ بقایا شکایات خیبر پختونخوا پولیس کے دائرہ اختیار سے باہر تھے یا دوسرے صوبوں سے تعلق رکھتے تھے۔

اسی طرح سنٹرل پولیس آفس پشاور میں قائم پولیس ایکسس سروس میں اپنے قیام سے لیکر اب تک مختلف نوعیت کے مجموعی طور پر 3367 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ جن میں 2642شکایات کا ازالہ کیاگیا ہے۔ صوبہ بھر کے عوام نے پولیس ایکسس سروس کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُس پر بھر پور اعتماد اور اپنے مسائل و مشکلات کے حل کے لیے بہترین فورم قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :