لاہور ،پولیس کے ہتک آمیز رویے ،جنرل بس سٹینڈ پر بھتہ خوری ، رکشہ ڈرائیوروں کوتشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف عوامی رکشہ یونین کا احتجاجی مظاہرہ کافیصلہ

جمعہ مئی 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) صدر ڈویژن پولیس کے ہتک آمیز رویے ،جنرل بس سٹینڈ پر بھتہ خوری ، امپوریم مال کے باہر رکشہ ڈرائیوروں کوتشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف عوامی رکشہ یونین ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کرے گی جس کی قیادت عوامی رکشہ یونین آف پاکستان کے چیئرمین مجید غوری، حافظ مظہر جیلانی، ذیشان اکمل ، حاجی رفاقت، میاں طارق اور عبدالرزاق کریں گے۔

اس حوالے سے جوہر ٹائون مرکزی دفتر میں عوامی رکشہ یونین کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر ڈویژن کے تمام یونٹوں کے عہدیداران نے پولیس کے ہتک آمیز رویہ اور ڈرائیوروں پر مختلف مقامات پر تشدد اور گالی گلوچ کرنے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد اجلاس کے شرکاء کی مشاورت سے ٹھوکر نیا ز بیگ میں بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بنا دی گئیں جو احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنائیں گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مجید غوری نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ پولیس کو غیر سیاسی بنایا جائے۔کیونکہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے ایس پی آپریشن صدر ڈویژن عمر ، سی سی پی او کے واضع احکامات کو بھی پس پشت ڈال کر نذر انداز کرنے پر فخر کرتا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسے کسی بڑی سیاسی شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے اور افسران بالا کے احکامات کو نذر انداز کرنا اس نے وطیرہ بنا لیاہے۔

مجید غوری نے کہا کہ جناح ٹرمینل پر دھڑلے سے پرچی لی جارہی ہے جس کی کئی بار شکایات بھی درج کروائی گئی ہیں لیکن ہماری شنوائی نہیں ہوئی جس پر ہم نے سی سی پی او کو بھی درخواست دی ہے سی سی پی او نے رکشہ ڈرائیوروں کے مسائل کے فوری حل کیلئے ایس پی صدر عمرکی ذمہ داری لگائی جس نے سی سی پی او کے احکامات کو نذر انداز کرتے ہوئے ہوا میں اڑا دیا ہے ۔جس کی وجہ سے ہم احتجاج پر مجبور ہیں احتجاجی کی ہتمی تاریخ کا اعلان جلدکیا جائے گا۔