رواں برس اپریل کے دوران گندم کی برآمدات میں ریکارڈ اضافے سے برآمدات کا حجم 3لاکھ ٹن سے تجاوز کرگیا

جمعہ 4 مئی 2018 23:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) رواں برس اپریل کے دوران گندم کی برآمدات میں ریکارڈ اضافے سے برآمدات کا حجم 3لاکھ ٹن سے تجاوز کرگیا جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران کی جانے والی گندم کی سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔ وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے برآمدات کے چیئرمین محمود مولوی نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے اختتام تک سمندر کے ذریعے گندم کا برآمدی ہدف1.4 ملین ٹن حاصل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کے اقدامات سے مارچ 2018ء کے دوران سمندری راستے سے 2 لاکھ 41 ہزار 522 میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی ہے جس کی مالیت 47 ملین ڈالر سے زائد رہی ہے ،ْاپریل کے دوران برآمدات 3 لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دسمبر 2017ء میں حکومت نے گندم اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کیلئے 23 ملین ٹن کا ہدف مقرر کیا تھا تاکہ ملک میں موجود گندم کے اضافی ذخیرہ کو برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے۔محمود مولوی نے کہا کہ مئی 2018ء کے آخرتک 1.4 ملین ٹن گندم کا برآمدی ہدف حاصل کرلیا جائیگا جو ملکی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔ چیئرمین کمیٹی نے بتایا کہ بنگلا دیش، انڈونیشیا، ویتنام ، دبئی اورعمان سمیت مختلف ممالک کو گندم برآمد کی جارہی ہے۔