واٹربورڈ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ پانی چوروں ،غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور ناجائز کنکشن لینے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران 7 ملزمان کوگرفتار کرلیا

جمعہ 4 مئی 2018 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) واٹربورڈ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ پانی چوروں ،غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور ناجائز کنکشن لینے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران 7 ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا ہے ، 42 سے زائد کنکشن منقطع اور ایک ہائیڈرنٹ کا خاتمہ کرکے واٹرٹینکر، پانی چوری میں استعمال ہونے والی موٹریں اور دیگر سامان قبضے میں لے لیاگیا ہے،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرادیئے گئے ہیں ،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالدمحمود شیخ کی ہدایات پر واٹربورڈکے عملے نے ضلعی انتظامیہ اورپولیس کی مدد سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی چوروں اور ناجائز کنکشن لینے والوں کیخلاف کارروائی کی ،واٹربورڈ کے عملے نے ناظم آباد کے علاقہ میں رہائشی مکان کیلئے غیر قانونی کنکشن لینے کی کوشش ناکام بنادی ، ناظم آبا د عید گاہ کے قریب کچھ افراد واٹربورڈ کی لائن کو نقصان پہنچا کر غیرقانونی کنکشن لے رہے تھے، اطلاع پرواٹربورڈ کے علاقائی اسٹاف نے فوری کارروائی کی ، ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دیدی گئی ہے ،ملیر کے علاقہ بن قاسم ڈویژن میں واٹربورڈ کے عملے او ر سکھن تھانہ کی نفری نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی ہائیڈرنٹ کا خاتمہ کردیا ،پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ایک واٹرٹینکر ،پانی چوری میں استعمال کی جانے والی موٹریں اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیا ہے ،اورنگی ٹاؤن میں پاکستان بازار کی حدود میں رہائشی مکان کیلئے ناجائز کنکشن لینے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف دفعہ 430 کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ہے ،ملزمان واٹربورڈ کی 12 انچ قطر کی لائن کو نقصان پہنچا کر کنکشن لے رہے تھے ، علاوہ ازیں سہراب گوٹھ تھانہ کی حدود الاصف اسکوائر کے عقب میں واقع جونیجو ٹاؤن غریب آباد ، مچھر کالونی اور ملارغائی میں پولیس اور فلاحی تنظیم کی مدد سے 40 سے زائد پانی کی کنکشن منقطع کردیئے گئے جبکہ پولیس نے متعدد موٹریں قبضہ میں لے لیں ہیں۔