نیوٹیک کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس نوجوانوں کو بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کے

سلسلے میں اہم قدم ثابت ہو گی،بیروزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے ضمن میں حکومت پاکستان نے گزشتہ چند برس کے دوران میں کئی اہم اقدامات کیے ہیں، ہمارا خطہ، خاص طور پر پاکستان تاریخ کے ایک شاندار موڑ پر کھڑا ہے جس کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری کی شکل میں ترقی اور خوش حالی کے ایک شاندار دور کی ابتدا ہونے جارہی ہے صدرمملکت ممنون حسین کا (نیوٹیک) کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کے شرکا سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 23:54

نیوٹیک کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس نوجوانوں کو بے روزگاری ..
اسلام آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے مجموعی آبادی کے نوجوانوں پر مشتمل 60 فیصد حصہ کو بیروزگاری سے نکال کر صحت مندانہ راستوں پر گامزن کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ اس سلسلے میں ایک کامیاب ماڈل تیار کردیا ہے جس سے دنیا بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ہم بین الاقوامی برادری سے سیکھنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا خطہ، خاص طور پر پاکستان تاریخ کے ایک شاندار موڑ پر کھڑا ہے جس کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری کی شکل میں ترقی اور خوش حالی کے ایک شاندار دور کی ابتدا ہونے جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی ترقی کے اس نئے عہد کے تقاضوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہے اور سمجھتا ہے کہ نئے دور میں متعارف ہونے والی جدید ٹیکنالوجیز ، کاروبار اور خدمات کی فراہمی کو بھی ان پروگراموں میں خصوصی طور پر پیش نظر رکھا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے تربیتی پروگراموں میں تعمیرات، سروسز، مہمان داری اور خاص طور پرچینی زبان سکھانے کے پروگرام شامل ہیں جو ہمارے بہترین مستقبل کی غمازی کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جتنی بڑی تعداد میں ہمارے ہنر مند نوجوان تربیت حاصل کر کے میدان عمل میں اتریں گے، اسی تیزی سے صنعت و معیشت ترقی کرے گی ،ملک میں نئی ٹیکنالوجیز متعارف ہوں گی اور خوشحالی کی راہیں کشادہ ہوں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بیروزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے ضمن میں حکومت پاکستان نے گزشتہ چند برس کے دوران میں کئی اہم اقدامات کیے ہیں جن میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم نوجوانوں کو علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کی فراہمی، فیسوں میں رعایت یا مکمل ری ایمبرسمنٹ (Reimbursement)، تعلیم سے فراغت کے بعد میدان عمل میں نکلنے والوں کے لیے انتہائی آسان قرضے اور خاص طور پر انھیں مختلف پیشوں کی تربیت کے لیے وزیر اعظم یوتھ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ پروگرام انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری ہیں اوراس سے کئی ہزار نوجوان مختلف ہنر سیکھ کر اندرونِ پاکستان اور بیرونِ پاکستان بہترین ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں یا انھوں نے اپنے ذاتی کاروبار شروع کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح سے حکومت نے ساٹھ فیصد سے زائد نوجوانوں کو بے روزگاری سے بچا کر صحت مندانہ راستوں پر گامزن کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ نیوٹیک نے جدید تقاضوں اور ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے نئے نصاب تشکیل دیے تاکہ ہمارے نوجوان دنیا بھر میں آئے روز متعارف ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے نئی مارکیٹ کی ضروریات بہ طریق احسن پوری کرسکیں۔ صدرمملکت نے امید کا اظہار کیا کہ نیوٹیک کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی ٹی ویٹ (TVET)کانفرنس نوجوانوں کو بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے اور اس مقصد کے لیے انھیں مختلف پیشوں میں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں اہم قدم ثابت ہو گی۔ صدر مملکت نے نیو ٹیک، اس کے سربراہ اور اس سے تعاون کرنے والے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد دی اور بین الاقوامی شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔