حیدرآباد، 8مئی شہباز شریف بھانوٹ میں میری رہائش گاہ پر آرہے ہیں،سید شاہ محمد شاہ

چند روز بعد وہ سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کریں گے، صوبائی صدرمسلم لیگ(ن)

اتوار 6 مئی 2018 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ 8مئی کی شام کو مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف بھانوٹ میں میری رہائش گاہ پر آرہے ہیں ، جس کے چند روز بعد وہ سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کریں گے۔ ، وہ سندھڑی میں اسد جونیجو کی رہائش گاہ جائیں گے اس کے علاوہ ٹھٹھہ، نواب شاہ، جیکب آباد اور ابڑو میں بھی عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے ، جبکہ وہ رمضان میں بھی سندھ کا دورہ جاری رکھیں گے۔

حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیںکہا جاتا ہے کہ آپ اداروں کا احترام نہیں کرتے لیکن ادارے خود اپنے لوگو ں کا احترام نہیں کرتے، ایک ایس پی کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے تشدد کا نشان بنایا اس کیس میں بھی لاڈلے کو بری کردیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران اور آصف زرداری بھائی بھائی ہیں اور وہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ہیں ، انہوں نے واضح کہاکہ وہ پارٹی نہیں چھوڑ ررہے ہیں جس کے بعد بہت سارے لوگوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ جب سندھ میں ایم آر ڈی کی تحریک چل رہی تھی اور نواب شاہ مقتل گاہ بنا ہوا تھا اس وقت بھی آصف زرداری ضیاء الحق کے ساتھ تھے ۔ انہوں نے بلدیاتی الیکشن بھی لڑا ، اب پیپلزپارٹی کے لوگوں کو سوچنا ہوگا کہ بینظیربھٹو کی وارثت کہاں گئی۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف جلد ہی سندھ کا تفصیلی دورہ کریں گے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کھیئل داس کوہستانی، عارف جمال سہروردی اور دیگر بھی موجو دتھے۔