عام انتخابات میں حیدرآباد کے عوام پیپلزپارٹی کو بھرپور کامیاب کرائیں

گے،عبدالجبار خان پیپلزپارٹی نے 10 سالوں کے د وران حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں، صوبائی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی کا جلسہ عام سے خطاب

پیر 7 مئی 2018 22:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں حیدرآباد کے عوام پیپلزپارٹی کو بھرپور کامیاب کرائیں گے۔ پیپلزپارٹی نے 10 سالوں کے د وران حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔

وہ پھلیلی تانگہ اسٹینڈ پر پیپلزپارٹی کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی قاسم آباد کے چیئرمین کاشف شورو ، گڈو مری اور دیگر بھی موجود تھے۔ جلسے میں ایم کیوایم کے درجنوں کارکنوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسے میں پھلیلی ، پریٹ آباد ، نورانی بستی ، مرزا پاڑہ، بھٹی گوٹھ، نورانی بستی سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریب عوام اور متوسط طبقے کی پارٹی ہے جس میں چند ہی روز میں صرف حیدرآباد سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی میں اب نوجوان بڑھ چڑھ کر کام کررہے ہیں ۔ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو بھی نوجوان ہیں اور وہ نوجوانوںکے مسائل کا ادراک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں امن ہوا ہے اور آئندہ بھی یہ شہر امن کا گہوراہ ہوگا ۔

کیونکہ اس شہر کے لوگوں نے بدامنی کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب ان کی مشکلات بھی حل کردی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے حیدرآباد میں سیوریج ، پانی جیسے بنیادی مسائل حل کرائے ، ہمیں اُمید ہے کہ آنے والی حکومت میں بھی جام خان شورو وزیر بلدیات ہی ہوں گے کیونکہ جس طرح انہوں نے جانفشانی سے مسائل کے حل کیلئے کام کیا ہے وہ ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کے شہریوںسے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں انتخابات کی تیاری کریں اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔