الحاج حافظ محمد یعقوب نقشبندی ؒ کا سالانہ عرس مبارک اختتام پذیر ،زائرین وعقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں شرکت

بدھ 9 مئی 2018 17:06

ْاسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) الحاج حافظ محمد یعقوب نقشبندی ؒ کا سالانہ عرس مبارک اختتام پذیر ،زائرین وعقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں شرکت ۔حافظ محمد یعقوب نقشبندی ؒ کے فیوض وبرکات قیامت تک جاری رہیں گے۔نماز مومن کی میراث ہے اور تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ نماز پنجگانہ باجماعت ادا کریں۔ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ختم نبوت کے تخفظ کے لئے ہر مسلمان مر مٹنے کو تیار ہے۔

اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول محمد مصطفی ؐ کی اطاعت وفرنمبرداری میں ہی مسلمانوں کے لئے کامیابی ہے۔قرآن مجید کو پڑھ کر بھلا دینے والے اور اس پر عمل نہ کرنے والے حافظ قرآن روز قیامت اندھے اٹھائیں جائیں گے۔ساری سعادت مندیاں باعمل حافظ قرآن کے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ سرہوٹہ شریف پیر سید ابرار حسین خوارزمی نے الحاج حافظ محمد یعقوب نقشبندی ؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر زائرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عرس کی تقریب وجلسہ دستار فضیلت کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد عابد نے حاصل کی۔اسٹیج سکرٹری اور عرس کے پروگرام کی نگرانی کے فرائض صاحبزادہ محمد رمضان قاسم نے ادا کیے۔ہدیہ نعت محمد وسیم مدنی اور حسنین شاہد نے پیش کیا۔عرس اور جلسہ دستار فضیلت کی صدارت سرپرست اعلیٰ سنی علماء مشائخ کونسل میرپور علامہ بشیر مصطفوی نے کی۔

عرس کی تقریب سے علامہ بشیر مصطفوی اور آفتاب احمد سروری نے بھی خطاب کیا۔عرس کی تقریب میں یا حیی یا قیوم سوسائٹی آزاد کشمیر کے صدر ڈاکٹر اعجاز خوارزمی،علامہ قاری قربان صدیقی،سابق صدر اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم خالد محمودمغل،سینئر نائب صدر جرنلسٹ فورم مرزا جمیل احمد شاہد،سیکرٹری اطلاعات شیخ صابر حسین،نوجوان شخصیت چوہدری مہران،مسلم لیگ ن ضلع میرپو رکے نائب صدر حاجی صوفی یعقوب گجر،اخبار فروش یونین کے رہنما محمد خلیل بھٹی،صدر معلم لالہ اورنگذیب ،سینئر صحافی غفور حسین مصطفوی سمیت زائرین اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

عرس کے موقع پر مہمان خصوصی پیر سید ابرار حسین شاہ خوارزمی اور صدر تقریب علامہ بشیر مصطفوی نے حفاظ کرام کی دستار بندی کی۔عرس کے اختتام پر پیر سید ابرار حسین شاہ خوارزمی نے کشمیر کی آزادی،مملکت خداداد پاکستان،مسلح افواج پاکستان اور دنیا بھر میں موجود مظلوم ومحکوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا فرمائی اور آخر میں زائرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔