ْٹیکسلا ،ْ گھر میں گھس کر ماں اور 3 بچیوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا سفاک قاتل بچیوں کا باپ نکلا

جمعرات 10 مئی 2018 14:13

ٹیکسلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) خان پور کے علاقے بانڈی میں گھر میں گھس کر ماں اور 3 بچیوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا سفاک قاتل بچیوں کا باپ نکلا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکسلا میں خان پور کے نواحی علاقے بانڈی میں 4 روز قبل نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر ماں اور اس کی 3 بیٹیوں کو قتل کردیا تھا اور جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ ماں اور 3 معصوم بچیوں کو قتل کرنے والا سفاک قاتل باپ اپنے 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے ،ْ ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم شوہر شفاقت زمان اور اس کی بیوی صدف اختر کے مابین جائیداد کا تنازع تھا ۔ ملزم ایک سال سے اپنے گھر سے غائب تھا تاہم 4 روز قبل اس نے اپنے چچا زاد بھائیوں کے ہمراہ اپنے ہی گھر میں گھس کر اپنی بیوی صدف، 9 سالہ بیٹی ایمان شہزادی، 7 سالہ زرقہ اور 5 سالہ زینب کو بے دردی سے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی جی خیبرپختون خوا نے نوٹس لے کر ڈی پی او سے 3 روز میں رپورٹ طلب کی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شفاقت زمان اور اس کے 3 چچا زاد بھائیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی اور بچیوں کو جائیداد کے لئے قتل کیا ۔