Live Updates

ہم نے عوام کی خدمت کی، عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گی:شہبازشریف

مخالفین باتیں بناتے رہے،ہم نے عوام کی خدمت کا حق ادا کیا،دہشت گردی اورتوانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہماری حکومت نے قابل قدرخدمات سرانجام دی مسلم لیگ (ن) کارکردگی کے بل بوتے پر اگلا الیکشن اکثریت سے جیتے گی،جھوٹے وعووں اوردلفریب نعروں سے ووٹرز کوگمراہ نہیںکیا جاسکتا زرداری اور عمران نیازی کی لوٹ مار،جھوٹ اور دھوکے بازی کی سیاست نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے دوغلی سیاست کے علمبرداروں نے سندھ اور خیبرپختونخواہ میں اپنے دور اقتدار میں عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، پنجاب ہائوس اسلام آباد میں وفاقی وزراء اور ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 22:33

ہم نے عوام کی خدمت کی، عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے ..
اسلام آباد، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں وفاقی وزراء اور ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کارکردگی کے بل بوتے پر اگلا الیکشن اکثریت سے جیتے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دہشت گردی اور انرجی بحران کے خاتمے کیلئے قابل قدر قومی خدمت سرانجام دی ہیں۔ پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جس سے پورے پاکستان کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی فلاح وبہبود کے ہزاروں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جس کے دو رس اور دیرپا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے شہروں اور دیہات کی یکساں ترقی کے ویژن پر عمل کرکے سب کو ترقی سے مستفید ہونے کا موقع دیا گیا ہے اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو 42 فیصد سے زائد ترقیاتی فنڈز دینے کا اعزاز حاصل کیاہے۔انہوںنے کہا کہ مخالفین باتیں بناتے رہے،ہم نے عوام کی خدمت کا حق ادا کیا۔جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں کا معیار ترقی یافتہ ممالک کے ہسپتالوں سے کسی طور کم نہیں۔

لیہ، وہاڑی اور دیگر اضلاع میں نجی انتظام کیساتھ پتھالوجی لیب اور سی ٹی سکین مشینیں چلانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔اب ہسپتالوں میں مریضوں کے میڈیکل ٹیسٹ مفت ہوں گے اور حکومت پنجاب پتھالوجی ٹیسٹ کی فیس خود ادا کرے گی۔انہوںنے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ، موبائل بائیومکینیکل ورکشاپ، انسنریٹر اور اعلیٰ کوالٹی کی ادویات کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا عوام کیلئے تحفہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ عوام کی خدمت کی، عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے ملازمتوں میں 20 فیصد کوٹہ دینے کا شرف بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے حاصل کیاہے۔لیپ ٹاپ، سکالرشپ، اپنا روزگار سکیم اور دیگر منصوبوں میں جنوبی پنجاب کے عوام کو کوٹے کے تحت ترجیح حاصل ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں اور دیہات میں ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بنائی گئی ہیںجس سے کروڑوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ جن عناصرنے اپنے دور اقتدار میں ترقی کا راستے روکنے کیلئے ہر حربہ آزمایا اور عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے محروم رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی آج وہ عوامی مسیحائی کے دعویدار بن رہے ہیں ،جھوٹے وعووں اوردلفریب نعروں سے ووٹرزکو گمراہ نہیںکیا جاسکتا ، عوام صرف کارکردگی کے بل بوتے پر ووٹ دیں گے، ہم نے قومی وسائل پوری ایمانداری اور فرض شناسی کیساتھ عوامی فلاح و بہبود اور خوشحالی پرنچھاور کئے ہیں جس کی وجہ سے آج پاکستان مسلم لیگ (ن)کے عوامی نمائندے عوام کے سامنے سرخرو ہیں اور انشاء اللہ اسی عوامی خدمت کے باعث آئندہ انتخابات میں بھی ہر انتخابی حلقے میں کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و کارکنان جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنے سیاسی نظریے پر قائم ہیں اور ایسے ہی مخلص اور عوامی دوستی و خدمت کا جذبہ رکھنے والے سیاسی رہنماوںکو عوام میں پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ زرداری اور عمران خان کی لوٹ مار،جھوٹ اور دھوکے بازی کی سیاست نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمنٹرینز نے عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی عوامی مقبولیت کے گراف میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام موجودہ حکومت کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ دوغلی سیاست کے علمبرداروں نے سندھ اور خیبرپختونخواہ میں اپنے دور اقتدار میں عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور نہ ہی بنیادی مسائل پر توجہ دی ہے جس طرح انہوںنے عوام کو نظر انداز کیا اسی طرح انتخابات میں وہ انہیں بھی مسترد کردیں گے۔

اس موقع پر پارلیمنٹرینز نے اپنے علاقوں کے ترقیاتی منصوبوںکے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن، میاں ریاض حسین پیرزادہ، سعید احمد خان منہیس، محمد خان ڈاہا، سید جاوید علی شاہ، ساجد مہدی، چوہدری نذیر احمد ارائیں، میاں امتیاز احمد، ملک سلطان محمود ہنجرا، سردار عاشق حسین گوپانگ، سردار محمد ارشد لغاری، ملک عبدالغفار ڈوگر، سردار محمد امجد خان کھوسہ، شیخ فیاض الدین، ارمغان سبحانی، شیخ محمد اکرم، عالم داد لالیکا، صاحبزادہ فیض الحسن، ڈاکٹر حفیظ الرحمن دریشک، شیخ روحیل اصغر اور قلندر عباس شاہ شامل تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات