گٹھ جوڑ ہمارا نہیں،تمام تعیناتیاں خورشید شاہ اور شاہدخاقان نے ملکر کیں،فواد چوہدری

(ن)لیگی حکومت نے آرمی چیف،چیف جسٹس کی خود تعیناتی کی اورانہی کے اداروں کیخلاف مہم کا آغاز کررہے ہیں،کرپشن پر سوال نہ کیا جائے تو ملک بھی ٹھیک ہے اورجمہوریت بھی واپس آجاتی ہے،نوازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعرات 10 مئی 2018 23:09

گٹھ جوڑ ہمارا نہیں،تمام تعیناتیاں خورشید شاہ اور شاہدخاقان نے ملکر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف پر گٹھ جوڑ کا الزام لگا رہے ہیںجبکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام تعیناتیاں خورشید شاہ اور شاہد خاقان عباسی نے مل کر کی ہیں۔ اس سے پہلے کی تعیناتیاں خورشید شاہ اور نواز شریف نے مل کر کیں۔

یہ بات فواد چوہدری نے نواز شریف کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بڑی عجیب بات ہے کہ آپ پہلے آرمی چیف کی تعیناتی کریں پھر انہی کے ادارے کے خلاف مہم کا آغاز کردیں۔چیف جسٹس کی تعیناتی کریں اس کے بعد آپ چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے خلاف مہم شروع کر دیں۔چیئرمین نیب کی تعیناتی بھی آپ ہی نے کی اور اب ان کے خلاف آپ مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یا تو آپ یہ بات مان لیں کہ آپ لوگوں کو تعینات کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے یا یہ بات مان لیں کہ آپ جس کو بھرتی کریں وہ آپ کے ذاتی ملازم کی طرح کام کرے اور آپ کی ہی بات آگے لے کر چلے۔انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کے سربراہان کا پہلا ایجنڈا ملک ہوتا ہے ملک ہونا چاہیے اور ملک ہے۔آپ کی کرپشن پر سوال نہ کیا جائے تو پھر ملک بھی ٹھیک ہے جمہوریت بھی واپس آجاتی ہے اور ادارے بھی آپ کے ساتھ ہیں۔

کرپشن کے الزامات کسی ادارے نے آپ پر نہیں لگائے ۔آپ کی کرپشن تو بین الاقوامی سکیمز کے اندر آشکارا ہوئی۔جن سوالات کی بنیاد پر یہ کارروائی ہورہی ہے آپ ان کا جواب کیوں نہیں دیتے۔300 ارب روپیہ 16 اکاونٹس میں کہاں سے آیا اس کا جواب دیں۔آپ کے بچوں نے 16 کمپنیاں کیسے قائم کیں اس کا جواب دیں۔لندن میں جائیدادیں کیسے بنائیں آپ نے اس کا جواب دیں۔اداروں پر اعتبار نہ کریں نیب پر اعتبار نہ کریں ان تین سوالوں کے جواب میڈیا پر بتادیں۔لیکن آپ کے پاس کوئی جواب نہیں ہے جب جواب نہ ہو تو پھر الزامات لگائے جاتے ہیں اور وہی آپ کر رہے ہیں