مہاجرین مقبوضہ کشمیر کوٹے پر عملدرآمد نہ کیے جانے کیخلاف مہاجرین سراپا احتجاج

5 مرتبہ کوٹے پر عملدرآمد کیلئے دھرنے دیے ‘سابق حکومتوںسے لے کر موجودہ حکومت تک کوئی بھی مہاجرین 1989ء کے کوٹے پر عملدرآمد نہیں کر وا سکے‘ مہاجرین نمائندگان نے حکومت آزاد کشمیر کو ایک مرتبہ پھر وارننگ دیدی

جمعہ 11 مئی 2018 18:32

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے کوٹے پر عملدرآمد نہ کیے جانے کے خلاف مہاجرین سراپا احتجاج، 5 مرتبہ کوٹے پر عملدرآمد کیلئے دھرنے دیے ،سابق حکومتوںسے لے کر موجودہ حکومت تک کوئی بھی مہاجرین 1989ء کے کوٹے پر عملدرآمد نہیں کر وا سکے، مہاجرین نمائندگان نے حکومت آزاد کشمیر کو ایک مرتبہ پھر وارننگ دی ہے کہ اگر مہاجرین کے کوٹے پر عملدرآمد نہ ہوا اور نہ مہاجرین کی ہڑپ شدہ اسامیاں مشتہر کی گئی تو رمضان المبارک میں عید سڑکوں پر منائیں گے، مہاجرین مقبوضہ کشمیر کی جانب سے حکومت آزاد کشمیر کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ اور کلرکان ،محکمہ ٹیوٹا ،محکمہ سوشل ویلفیئر ،محکمہ بہبود آبادی، محکمہ جنگلات ،محکمہ اطلاعات ،محکمہ خوراک، بحالیات، سماجی بہبود، زراعت، عدلیہ، یونیورسٹی و کالجز میں مہاجرین کی ہڑپ کی گئی اسامیوں کو مشتہر کر کے مہاجرین کو ان کا حق دیا جائے مہاجرین کے مطابق گزشتہ پندرہ سالوں سے ایک سازش کے تحت مہاجرین کے کوٹے پر عملدرآمد نہیں ہورہا، محکمہ تعلیم و دیگر محکموں میں مہاجرین 1989 ؁ء کی سیکڑوں اسامیاں ہڑپ کی گئی مہاجرین نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ہڑتال کر نے اور عید سڑکوں پر منانے کی وارننگ بھی دی ہے، مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے رہنماء ماسٹر محمد یوسف، شوکت بٹ، راجہ ظہیر خان، راجہ بشارت خان، حامد جمیل، گلشاد بٹ، عدیل دائود، چوہدری جمال دین، نشاد بٹ، راجہ عارف خان، امتیاز بٹ، خواجہ اقبال ،چوہدری فیض الدین، عبد الکریم ،سلیم قریشی ،راجہ بشیر اللہ ،افتخار و دیگر نے گزشتہ روز ایک اجلاس کے موقع پر میڈیا کے نام اپنے اخباری بیان میں کیا۔