سبزی منڈی موڑ میں سابق دشمنی پر چچا زاد بھائیوں نے فائرنگ کر کے غریب فروٹ فروش کو قتل کر دیا

ہفتہ مئی 20:13

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) سبزی منڈی موڑ میں سابق دشمنی پر چچا زاد بھائیوں نے فائرنگ کر کے غریب فروٹ فروش کو قتل کر دیا، ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، کینٹ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق سابق دشمنی پر صدارت شاہ، تبارک شاہ پسران قائم علی شاہ سکنہ تھاتھی سیداں نے سبزی منڈی موڑ میں فروٹ کی ریڑھی لگانے والے اپنے چچا زاد بھائی آصف شاہ ولد پیار حسین شاہ کو دن دیہاڑے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کینٹ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچائی جہاں سے نعش ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول اور ملزمان کے درمیان سابق دشمنی چل رہی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے اسے قتل کیا۔ پولیس نے مقتول کے چچا زاد بھائیوں تبارک شاہ اور صدارت شاہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔