ایس ایم ای فاؤنڈیشن کی جانب سے آرٹس کونسل کے صدر اور پریس کلب کراچی کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں عشائیہ

بدھ 16 مئی 2018 20:28

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ایس ایم ای فاؤنڈیشن کے صدر ولی اللہ خان ، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ممبر عادل ابراہیم کی جانب سے آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ اور پریس کلب کراچی کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا آرٹس کونسل کراچی پاکستان کا وہ فعال ادارہ ہے جو اپنے کام کے ذریعے پوری دنیا میں نام پیدا کر رہا ہے۔

آرٹس کونسل کے پروگراموں کے ذریعے جہاں ہمارے فنکار اور ادیب اپنا ایک نام پیدا کر رہے ہیں وہیں پر کراچی کے شہریوں کو بہترین تفریح کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے جہاں دوسرے شعبوں میں ترقی ہو رہی ہے وہیں پر ثقافتی شعبوں میں پاکستان اور چین کے تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں چین کے ایک ثقافتی طائفہ نے آرٹس کونسل میں تین روز پرفارم کیا جس کو بہت زیادہ پسند کیا گیا۔

پاکستان سے بھی جلد فنکار چین کا دورہ کریں گے دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوچکے ہیں۔ احمد شاہ نے اس طرح کی تقریبات سے یہاں دوستوں کو مل جل کر بیٹھنے کا موقعہ ملتا ہے۔ پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے کہا کہ کراچی پریس کلب اور آرٹس کونسل دونوں پاکستان کے وہ ادارے ہیں جنکے ہر فورم پر رابطے ہیں۔ ہم پاکستان اور کراچی کی بہتری کے لئے پروگرام کر رہے ہیں عنقریب کراچی میں پہلی میڈیا کانفرنس بھی منعقد کی جا رہی ہے جس میں بزنس کمیونیٹی کا تعاون درکار ہوگا۔

ایس ایم ای فاؤنڈیشن جیسے ادارے پاکستان میں بیروزگاری کے خاتمے کے لئے جس طرح کام کر رہے ہیں یہ حوصلہ افزا بات ہے کیونکہ حکومت اکیلے ملک سے غربت و بیروزگاری کا خاتمہ نہیں کرسکتی اسکے لئے نجی شعبہ کو اپنا ہاتھ بٹانا ہوگا۔ چیئرمین ڈی ایم سی سینٹرل ریحان ہاشمی نے کہا کراچی نے گزشتہ چند سالوں کے دوران بہت برے حالات کاسامنا کیا ہے۔ ہم اپنے طور پر شہر کے حالات کو بہتر کرنے کے لئے جہاں تک ہمارے وسائل ہیں ہم کام کر رہے ہیں۔

ایس ایم ای فاؤنڈیشن کے صدر ولی اللہ خان نے کہا کہ ہمارا ادارہ پاکستان میں غربت و بیروزگاری کے خاتمے کہ لئے کام کر رہا ہے۔ سی پیک گیم چینجر ہے۔ اس کے ذریعے ملک میں معاشی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ ہم نوجوانوں کو اپنے ذاتی کاروبار کی جانب راغب کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں انکو نا صرف مناسب رہنمائی اور سرپرستی فراہم کر رہے ہیں بلکہ انکو سرمایہ کے حصول میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔

عادل ابراہیم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایس ایم ای فاؤنڈیشن کے صدر ولی اللہ خان ، چیئرمین ڈی ایم سی سینٹرل ریحان ہاشمی ، عادل ابراہیم نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ،کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری مقصود یوسفی، کراچی پریس کلب کے نائب صدر منہاج الرب، کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان، ممبرگورننگ باڈی عارف حسین ہاشمی، چئیرمین پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن اطہر جاوید صوفی،مرزااشتیاق بیگ،دوست محمد فیضی، شیخ راشد عالم، مختار احمد خان اور دیگر کو شیلڈ پیش کی گئیں جبکہ آرٹس کونسل کے ممبر شعیب ناصر نے مہمانوں کو گلدستے پیش کئے۔