رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ،مصنوعی مہنگائی ،ذخیرہ اندوزی اور چوری ڈاکے حکومت کی ناکامی ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

جمعرات 17 مئی 2018 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ،مصنوعی مہنگائی ،ذخیرہ اندوزی اور چوری ڈاکے حکومت کی ناکامی ہے ۔ حکومتی وعدوں واعلانات کے باوجودنہ مہنگائی کنڑول ہوئی اور نہ ہی سستے بازار کا انعقادہوا ۔رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا انتہائی محترم اور مقدس مہمان مہینہ ہے۔

یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے اور ہر صاحب ایمان کو اس ماہ مبارک کا ایک ایک لمحہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری میں گزار کر زیادہ سے زیادہ اجر و ثواب جمع کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان ایک دوسرے کی پریشانیوں کو بانٹنے اور باہمی اخوت و محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کامہینہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس ماہ مقدس میں معاشرے میں موجود تنگ دستوں ، غربا و مساکین ، بیوائوں اور یتیموں کی دل کھول کر امداد کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں ۔

اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم باہمی محبتوں کو بڑھائیں اور نفرتوں کو ختم کریں ۔ امت مسلمہ اس وقت سخت آزمائش سے دوچار ہے ۔ کفار، خصوصاً یہود و ہنود اور امریکہ کا اتحاد ثلاثہ مسلمانوں کے خلاف متحد ہوچکاہے اور امت مسلمہ کے حکمران مظلوموں کے حق میں آواز اٹھانے اور ان کی مدد کرنے کی بجائے امریکہ کی چاپلوسی میں لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے فلسطین غزہ ، کشمیر اور دوسرے ممالک میں مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن مسلم حکمران بے حمیتی کی چادر اوڑھ کر سو رہے ہیں ۔ تمام مسلمان اس مبارک ماہ میں ان مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کو ظلم سے نجات عطا فرمائے ۔