Live Updates

تبدیلی باتوں سے نہیں کام سے آتی ہے‘ فیصل کریم کنڈی

منگل 22 مئی 2018 11:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری جنرل فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے پاکستان نیشنل ہیومن ڈیویلپمنٹ 2017 ء رپورٹ میں ترقی کے اعتبار سے خیبر پختونخوا کو جنوبی پنجاب سے پیچھے ظاہر کرنے سے واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے انتخابی مہم کے دوران جو وعدے کئے تھے ان کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہی ہے ۔

اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کے آئندہ حکومت کے پہلے سو روز کے ایجنڈے کے حوالے سے رد عمل میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت قائم کرنے کے بعد گورنر ہائوس کو لائبریری ‘ وزیر اعلیٰ ہائوس کو یونیورسٹی بنانے سمیت وزیر اعلیٰ ذاتی رہائشگاہ میں رہائش اختیار کریں گے اور صوبہ خیبر پختونخوا پر بیرونی قرضہ ختم کرنے سمیت کرپشن اور لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرے گی اور لوگ بیرون ممالک سے خیبر پختونخوا کو نوکریوں کے لئے آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہ تو وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے اور نہ ہی تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے گرائونڈز بنائے گئے ہیں تبدیلی صرف باتوں سے نہیں کام سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو شکست سے دو چار کریں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب کر کے ایک بار پھر عوام کی خدمت کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات