شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر کی اہمیت اور تاریخی حیثیت دنیا بھر میں اجاگر ہوئی ہے‘حریت رہنماء

حریت رہنمائوں اور تنظیموں کی طرف سے میرواعظ مولوی محمد محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کوزبردست خراج عقیدت

منگل 22 مئی 2018 12:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوںا ور تنظیموںنے معروف آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسیوں کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ان شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر کی اہمیت اور تاریخی حیثیت دنیا بھر میں اجاگر ہوئی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید رہنمائوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انکی برسیوں کے موقع پر سرینگر میںسخت پابندیوں حریت قائدین کی نظربندی کی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ شہدائے کشمیر بالخصوص مایہ ناز دینی و سیاسی شخصیات کی شہادتیں رواں جدوجہد کا انمول سرمایہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی جتماعات پر قدغن سے بھارت کے جمہوری اور سکولرازم ملک ہونے کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے۔سینئر حریت رہنماء نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے مایہ ناز سپوتوں اور دینی و سیاسی قائدین کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء اور جموںو کشمیر ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے بھی ایک بیان میں میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کوانکی برسیوں کے موقع پرزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان شہداء نے اپنے خون سے سرزمین کشمیر کو لالہ زار کیا۔

انہوں نے میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کشمیر کو شہدائے کے مشن کی تکمیل تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوںنے اس دوران شہر خا ص کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرنے اور تعزیتی اجلاسوں پر قدغن عائد کرنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی شدید مذمت کی ۔ حریت رہنماء نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اورانکی ساتھیوںناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کرتے اسے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قراردیا۔

ادھر تحریک کشمیر نے بھی ایک بیان میں میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کوانکی برسیوںپرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج مسئلہ کشمیر زندہ ہے اور پوری دنیا اس تنازعہ کی اہمیت اور تاریخی حیثیت سے واقف ہے۔