کوہاٹ پولیس کی کارروائی، 67 مشتبہ افرادگرفتار‘ اسلحہ برآمد

منگل 22 مئی 2018 12:30

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے اورکزئی ایجنسی کی قبائلی پٹی سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران خطرناک ہتھیاروں اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرکے 67 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کی کارروائی میں ٹارگٹڈ مقامات پراچانک چھاپے مارے گئے اور مقامی آبادی کا محاصرہ کرکے 150 کے قریب گھروں کی تلاشی لی گئی۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت کی روشنی میںانسداد جرائم اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت پولیس کی سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔آپریشن کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان کی زیر نگرانی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ایس ایچ او تھانہ استرزئی قسمت خان کی قیادت میں خفیہ اداروں کی نشاندہی پرگزشتہ روز علی الصبح اورکزئی ایجنسی کی قبائلی پٹی سے ملحقہ علاقوں مرئی ،کچئی اورمٹھا خان میںکارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹڈ مقامات پر اچانک چھاپے مارے ۔

(جاری ہے)

پولیس دستوں نے ان علاقوں کی مقامی آبادی کا محاصرہ کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران 67 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر 4کلاشنکوف،3 رائفل، 2 ریپیٹرز، 2 بندوق، 13پستول اور مختلف بور کے ہزاروں کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔ادھر خفیہ معلومات پر سرچ آپریشن کے دوران ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شیر کوٹ اور چکر کوٹ بالا کے علاقوں میں مختلف مقامات پراچانک چھاپے مارے جہاں بڑی تعداد میں میرج بم اور دیگر بارودی مواد برآمد کرکے دو ملزمان نسیم گل اورشباب حسین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اورکزئی ایجنسی کی قبائلی بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں مئوثر پلان کے تحت سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن چھ گھنٹے تک مسلسل جاری رہا جسمیں بم و بارود کا پتہ لگانے والی بم ڈسپوزل سکواڈ،کھوجی کتوں کی ٹیم،خواتین پولیس اور سراغ رساں ادارے کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کی طرف آنے جانے والے تمام راستوں کی سخت ناکہ بندی کرلی گئی تھی اور دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرپولیس کی آپریشنل ٹیموں کو جدید ہتھیاروں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل رہی۔

متعلقہ عنوان :