Live Updates

یواین رپورٹ نے عمران خان کے ترقی کے دعوئوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے،ندیم ممتازقریشی

منگل 22 مئی 2018 18:16

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ترقی کے سفر میں خیبر پختوانخواہ کا جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہونا عمران خان کے ترقی کے دعوئوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ،نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ کے مطابق انسانی ترقی کے لحاظ سے پنجاب کے 6 اضلاع یو این ڈی پی کی رینکنگ میں شامل ہیں جب کہ خیبرپختونخوا انسانی ترقی میں خاطر خوا ہ کامیابی حاصل نہ کرسکا اور اس کا کوئی ضلع اس رینکنگ میں شامل نہیں ہے۔

مستقبل پاکستان حکومت بناتے ہی جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کی عوام کو ناصرف ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی بلکہ ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پی ٹی آئی کے طرز حکمرانی پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے والے عمران خان نے اپنی پارٹی میں روایتی اور موروثی سیاستدانوں کو شامل کرکے عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا 100روزہ حکومتی پلان دھوکے اور فراڈ پر مبنی ہے کیونکہ جو شخص پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے افراد کو پس پشت ڈالتے ہوئے ان کی جگہ سرمایہ دار لوگوں کو آگے لائے وہ ملک اور قوم کے ساتھ بھی مخلص نہیں ہوسکتا ،اس لئے عوام کو بھی چاہیے کہ وہ تبدیلی کے نام پر دھوکہ کھانے کی بجائے آئندہ جنرل انتخابات میں مخلص اور دیانتدار لوگوں کو کامیاب بنائیں تاکہ وہ اسمبلیوں میں جاکر عوامی حقوق کا مقدمہ لڑسکیں ۔

انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ سیاست کے میدان میں جو اس وقت حصول اقتدار کیلئے ہلڑ بازی اپنے عروج کو پہنچی ہوئی اس کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ملکی عوام اپنا کردار ادا کرے ،کیونکہ یہ لوگ عوامی مفادات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ذاتی مفادات کے حصول میں مگن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسے افراد نہ صرف ملکی تعمیر و ترقی میں رکائوٹ کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان کی وجہ سے ملکی بقاء اور سالمیت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات