حکومتی ہدایت نظر انداز ، راولپنڈی اور کنٹونمنٹ علاقوں میں نجی تعلیمی اداروں نے طلبا سے موسم گرما کی تعطیلات کی فیسیں طلب کر لیں

بدھ 23 مئی 2018 19:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) راولپنڈی اور کنٹونمنٹ علاقوں میں نجی تعلیمی اداروں نے حکومت پنجاب کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوے طلبا کے والدین سے موسم گرما کی تین ما ہ کی تعطیلات کی سالانہ چارجز سمیت ایڈوانس فیس طلب کر لی ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق گیارہ مئی کو ضلعی تعلیمی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو قاضی طارق نے ایک خط کے ذریعے نجی سکولوں کو طلبا سے گرمائی تعطیلات کی فیس نہ لینے کی ہدایت کی تھی تاہم نجی سکولوں کے مالکوں نے طلبا کے والدین کو فیس سلپس جاری کرتے ہوے فیسیں طلب کر لی ہیں۔

واضع رہے گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی نجی تعلیم اداروں کو موسم گرما کی تعطیلا ت کی فیسیں وصول نہ کرنے کی ہدائت کی تھی ۔ اس حوالے سے قاضی طارق کا کہنا ہے کہ ضلعی تعلیمی اتھارٹی نے سٹی اور کنٹونمنٹ میں تیرہ سکولوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔