کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس مارچ2019تک مکمل ہو جائے گا

اگلے ماہ زیرتعمیر تمام عمارتوں کی اسٹریکچرز مکمل کرینگے،پراجیکٹ کنسلٹنٹ کی وائس چانسلر کو بریفنگ

جمعرات 24 مئی 2018 20:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کنگ عبداللہ چھتر کلاس کی کنسلٹنٹ کمپنی الطراز سعودی عرب کے پراجیکٹ منیجر حسن گوین نے یونیورسٹی حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس مارچ2019تک مکمل ہو کر یونیورسٹی کے حوالے کر دیا جائے گا۔اس موقع پر وائس چانسلرآزاد جموںوکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ یونیورسٹی میں 8ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں اور یہ تعداد موجودہ کیمپسز کی گنجائش سے کہیں زیادہ ہے ۔

لہذا ہم اس بات کے خواہاں ہیں کہ کمپنی جتنا جلد ممکن ہو سکے تعمیراتی کام کو مکمل کرے تا کہ ہم چھتر کلاس میں تدریسی عمل جلد شروع کرسکے ،انہوں نے کہا کہ کنگ عبداللہ کیمپس میں زیر تعمیر شعبہ جات کے چیئرمین اپنے اپنے شعبہ جات کی تعمیرات کا معائنہ کرتے ہوئے اپنی ضروریات سے بھی متعلقہ کمپنی کو آگاہ کرئینگے اور کمپنی ممکنہ حد تک ان کی تجاویزکو بھی پیش نظر رکھے۔

(جاری ہے)

اس پرتعمیراتی کمپنی کے پراجیکٹ منیجر نے بتایا کہ ابتدائی چند ماہ میں موبیلائزیشن کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے کام کی رفتار کوبڑھایا گیا ہے جس کے نتیجے میں اگلے ماہ جون کے اختتام تک تمام زیر تعمیر عمارتوں کے سٹریکچرز مکمل ہو جائیں گے۔چھتر کلاس کیمپس میں فیکلٹی آف سائنسز کے 9شعبہ جات فیکلٹی آف آرٹس کے 6 شعبہ جات تعمیر کیئے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک وسیع و عریض مسجد ،ایک آڈیٹوریم اور انتظامی دفاتر کے علاوہ تقریباً600کمرہ جات پر مشتمل طلباو طالبات کی6 ہاسٹلز کی تعمیر تکمیل مراحل میں ہے۔اس کے علاوہ 45کمروں پر مشتمل ایک فیکلٹی ہاسٹل بھی جلد مکمل ہو رہا ہے۔ پراجیکٹ منیجر نے یہ بھی بتایا کہ امید ہے کہ کام مقررہ مدت میں ہی مکمل ہو گا اور اگر مزید مہلت درکار بھی ہوئی تو وہ 3سی4ماہ تک ہو گی۔

انہوں نے یونیورسٹی کی طرف سے بھر پور کو آرڈینیشن کو سراہا۔ اس موقع پر یونیورسٹی حکام نے تعمیرات کے مختلف پہلوں کی بابت اپنی تجاویز دیں اور لیبارٹریز سے لیکر ماحولیات تک کے معاملات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔اس موقع پر چیف انجینئر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سیدیاسر گیلانی ،نہات یزر،خالد نصر ،انجینئر الطراز کمپنی اور ملک جمشید انجینئر الطراز کمپنی سعودی عرب کے علاوہ یونیورسٹی حکام میں سے ڈین فیکلٹی آف سائنسز اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمدقیوم خان ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ،ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ ،ایسوسی ایٹ ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز، ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ سید صابر حسین شاہ ،چیئرمین شعبہ کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر انصر یاسین ،کو آردینیٹر کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس سید زوارحسین نقوی،ڈائریکٹر ورکس حافظ روشن دین ،ڈائریکٹر جہلم ویلی کیمپس امتیاز احمد اعوان، کو آرڈینیٹر شعبہ سی ایس اینڈ آئی ٹی ڈاکٹر شرجیل سعید بھی موجود تھے۔