دکھی انسانیت کی خدمت افضل عبادت ہے ‘ ہم اپنی بساط کے مطابق ذہنی اور جسمانی بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں‘ خصوصی بچے بھی ہماری توجہ کے مستحق ہیں

چیئر مین زوبیا ناز لی سکول فار سپیشل چلڈرن خواجہ ظفرا قبال کی بات چیت

ہفتہ 26 مئی 2018 23:00

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) چیئر مین زوبیا ناز لی سکول فار سپیشل چلڈرن خواجہ ظفرا قبال نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت افضل عبادت ہے ۔ ہم اپنی بساط کے مطابق ذہنی اور جسمانی بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ خصوصی بچے بھی ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ اسلام گڑھ میں بھی ایک سپیشل بچوں کے لیے ادارہ قائم کر دیا ہے ۔

موجودہ دور میں صحت مند بچے کی تعلیم و تربیت کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے تو خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اس سے بھی زیادہ مشکل ہوتی ہے کیونکہ وہ اپنی ضروریات بتا نہیں سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ ظفر اقبال نے کہا زوبیا سکول فار سپیشل چلڈرن میں ذہنی ،جسمانی معذور بچوں کی تعلیم و تربیت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

معذور بچوں کے لیے آرتھوپیڈک ڈاکٹر کی سہولت بھی موجود ہے جو ادارے کے بچوں کو مختلف ایکسرسائز کرواتے ہیں جس سے ان کی جسمانی معذوری میں بھی بہتری آتی ہے۔خواجہ ظفرا قبال نے کہا ہمارا ادارہ کسی بھی انٹرنیشنل معیار سے کم نہیں ہے۔ مختلف این جی اوز اور ادارے پاکستان ،آزاد کشمیر اور بیرون ممالک سے ہمارے سکول کا وزٹ کر چکے ہیں جنہوں نے نہ صرف بچوں کی بلکہ ہماری بھی حوصلہ افزائی کی ہے۔

انہوں نے کہا ہمارا سٹاف کوالیفائیڈ اور محنتی ہے ان کو معذور بچوں کا احساس ہے اور وہ دن رات ان کی نگہداشت اور تربیت کر رہے ہیں۔ خواجہ ظفر اقبال نے کہا دنیا اور آخرت کی کامیابی کے لیے انسانیت کی خدمت ضروری ہے ۔رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ شروع ہے میرپور کے مخیر شہری ہمارے ساتھ آئیں اور ہم سے قدم ملا کر اس کار خیرمیں حصہ لیں۔