پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں جائے گی،وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز

اتوار 27 مئی 2018 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی گزشتہ 5 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں جائے گی۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیمیں اور سروے رپورٹس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی کی تعریفیں کر رہے ہیں جو ہماری کارکردگی اور بہتر طرز حکومت کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی عوام پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا احتساب کریں گے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف نے 90 روز میں خیبرپختونخوا سے کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگایا تھا لیکن 5 سال گزر جانے کے باوجود وہ وہاں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کچھ بھی نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کا ہی خاتمہ کر دیا ہے جو ان کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے کم افراط زر کی شرح کو یقینی بنایا ہے جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں ڈلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اب اگلی مدت کے لیے نیا ایجنڈا پیش کر رہی ہے۔