آئینی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے آل پارٹیز مشاورت کا اہتمام کیا جائے‘ عبدالرشید ترابی

پیر 28 مئی 2018 18:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ آئینی اصلاحات کے حوالے سے اتفاق رائے سے پراسس کو آگے بڑھایا گیا تھا جو مسودہ اتفاق رائے سے حکومت پاکستان کو بھیجا گیا تھااس مسودے میں اور اس وقت جو اسمبلی میں مسودہ پیش کیا گیا ہے اس میں کمی بیشی ہے اس کو مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے سے قبل آل پارٹیز مشاورت کا اہتمام کیا جائے تا کہ وہ امور بھی مشاورت سے طے کر لیے جائیں اور اس کے بعد ان کو مشتر کہ اجلاس میں پیش کیا جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے آئینی اصلاحات کے حوالے سے اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ اگرچہ یہ مسودہ مجموعی طور پر اسی فریم ورک کے اندر ہے لیکن اس مسودے میں جو متفقہ روح تھی وہ اس میں موجود نہیں ہے اس لیے میری گزارش ہے کہ خوشگوار ماحول اور روایات کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آل پارٹیز مشاورت کا اہتمام ہونا چاہیے ،دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کو بھی با اختیار اور باوقار بنانے کا جو عمل شروع ہے اس میں بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ آل پارٹیز مشاورت کی جائے اور جن لوگوں کے تحفظات ہیں ان کے تحفظات کو دور کیا جائے تا کہ یہ آئینی معاملات خوش گوار ماحول میں طے ہوجائیں چونکہ پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا پشتیبان ہے اس مرحلے پر باہمی امور خوش گوار انداز سے طے ہونا ہی تحریک آزادی کشمیر کے مفاد میں ہے ۔