عدم برداشت کی سیاست نے جڑیں کھوکھلی کرکے ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کی ہے،چوہدری محمد جعفر اقبال

منگل 29 مئی 2018 23:46

رحیم یار خان۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا ہے کہ عدم برداشت کی سیاست کرنے والی پارٹی نے ملکی جڑیں کھوکھلی کرکے ملک کو پھر سے اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کی ہے۔ محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بناکر ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے دھرنوں اور احتجاجوں کی وجہ سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف زمیندار مخدوم محمد علی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تمام تر دھرنوں اور رکارٹوں کے باوجود 10ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر کے لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری کے جن کو قابو کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدار ہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور مسلم لیگ ن نے کامیابی کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کا ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم این اے میاں امتیا زاحمد ، ایم پی اے چوہدری محمد عمر جعفر اور ایم پی اے چوہدری محمود الحسن چیمہ نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروا کر حلقہ کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں دن رات ایک کیا اور آگے مستقبل بھی انہی عوامی امیدواروں کا ہے۔ایم این اے میاں امتیاز احمد نے کہا کہ میرا جینا مرنا حلقہ کے عوام کے ساتھ ہے، اللہ تعالیٰ کے حکم سے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی عوام کی خدمت کا مشن محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت میں جاری رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اب ووٹروں کو ان کے حقوق دینے پڑیں گے، سیاسی میدان میں صرف وہی کامیاب ہو گا جو عوام کی خدمت کرے گا میں نے اپنے حلقہ کے عوام کی دن رات خدمت کی ہے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے۔ایم پی اے چوہدری محمود الحسن چیمہ نے کہاکہ انشاء اللہ2018ء کے الیکشن میں عوام شیر کو ہی ووٹ دیں گے اور مسلم لیگ ن کو پہلے کی طرح ایک بار پھر شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔