جمہوریت کا 10سالہ تسلسل ایک اہم سنگ میل ہے، آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی پر ووٹ لیکر پاکستان مسلم لیگ (ن) دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ، پانچ سالہ مدت کی کارکردگی لکھتے ہوئے میڈیا کاقلم نہیں رکنا چاہیے ، میڈیا پانچ سالہ حکومتی کارکردگی کو فیئر انداز میں پیش کرے، کارکردگی کی حوصلہ افزائی سے پاکستان اور جمہوریت کو تقویت ملے گی ، ریگولیٹری اور میڈیا سے متعلق تمام قوانین کا جمہوری جائزہ ہونا چاہیے‘آمریت ادوار میں بنائے گئے قوانین پر مزید ترمیم کر کے ان قوانین کو جمہوری قوانین بنایا جائے ، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر غیر اعلانیہ سنسرشپ افسوسنا ک ہے، سرکاری اشتہارت کے ریٹس میں 15فیصد اضافہ کیا، اخبارات کی اے بی سی سرٹیفکیشن کی مدت 3سال اور رجسٹریشن سرٹیفکیشن کی مدت 5سال کر دی ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی اے پی این ایس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 22:37

جمہوریت کا 10سالہ تسلسل ایک اہم سنگ میل ہے، آئندہ عام انتخابات میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جمہوریت کا 10سالہ تسلسل ایک اہم سنگ میل ہے، آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی پر ووٹ لیکر پاکستان مسلم لیگ (ن) دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ، پانچ سالہ مدت کی کارکردگی لکھتے ہوئے میڈیا کاقلم نہیں رکنا چاہیے ،میڈیا پانچ سالہ حکومتی کارکردگی کو فیئر انداز میں پیش کرے،کارکردگی کی حوصلہ افزائی سے پاکستان اور جمہوریت کو تقویت ملے گی ، ریگولیٹری اور میڈیا سے متعلق تمام قوانین کا جمہوری جائزہ ہونا چاہیے‘آمریت ادوار میں بنائے گئے قوانین پر مزید ترمیم کر کے ان قوانین کو جمہوری قوانین بنایا جائے ، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر غیر اعلانیہ سنسرشپ افسوسنا ک ہے، وزارت اطلاعات و نشریات نے سرکاری اشتہارت کے ریٹس میں 15فیصد اضافہ کیا، اخبارات کی اے بی سی سرٹیفکیشن کی مدت 3سال اور رجسٹریشن سرٹیفکیشن کی مدت 5سال کر دی ہے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں اے پی این ایس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کر رہیں تھیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تھے۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اے پی این ایس کوہر سال اس روایت کو برقرار رکھنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں ‘اخبار نویسوں اور ایڈوارٹائزنگ ایجنیسز کو اعلی معیار کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہیں ‘ان کی خدمات کا اعتراف احسن اقدام ہے ‘کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالا تواے پی این ایس ‘سی پی این ای ‘ پریس کلبز ‘صحافیوں کی ایسوسی ایشنز اور سینئر صحافیوں کا بھر پور تعاون حاصل رہا ‘بہت ہی مختصر وقت میں وزارت اطلاعات کی سطح پر بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ایک اور بڑی کامیابی اطلاعات تک رسائی کا قانون بنانا ہے ‘اطلاعات تک رسائی کے رولز اور انفارمیشن کمیشن کی تشکیل پر بھی کام ہو رہا ہے ‘ یہ بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ پاکستان میں اطلاعات تک رسائی کا قانون ہی موجود نہیں تھا ‘ صحافیوں کو سب سے زیادہ ضرورت ہوتی تھی کہ مصدقہ معلومات حاصل کی جائیں لیکن اس قانون سازی کے بعد یہ ممکن ہوسکے گا ‘ اب ایک عمل کے ذریعے مکمل اور مصدقہ معلومات مل سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں آزادی صحافت کی بات ہوتی ہے وہاں سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ذمہ داری سے صحافت ہو ،خبر کو اصل جزائیات کے ساتھ پیش کیا جائے اس سے پاکستان اور جمہوریت کو تقویت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہی اشتہارات کے ریٹس میں 15فیصد اضافہ کیا اسکے ساتھ ساتھ جب اے پی این ایس کا وفد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ملا توایک تجویز آئی کہ ایڈورٹائزمنٹ کو سی پی آئی کے ساتھ منسلک کر دیا جائے تا کہ سالانہ سی پی آئی شرح کے مطابق اشہتارات کے ریٹس بھی بڑھتے رہیں اس تجویز پر بھی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک اور مسئلہ یہ تھا کہ ہر سال اخبارات کی اے بی سی سرٹیفکیشن کے لئے آنا پڑتا تھا جس پر وزارت اطلاعات نے اے بی سی سرٹیفیکیشن کی مدت ایک سال سے بڑھا کر تین سال کر دی ہے ‘ رجسٹریشن سرٹیفیکیشن کی مدت پانچ سال کر دی گئی ہے اس کا مقصد یہ تھا کہ وزارت کا کردار ریگولیشن کا نہیں بلکہ سہولت کار کا ہو۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو غیر اعلانیہ سنسر شپ الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر ہورہی ہے وہ افسوسنا ک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری،رولز اور میڈیا سے متعلق تمام قوانین کا جمہوری جائزہ ہونا چاہیے‘آمریت ادوار میں بنائے گئے قوانین پر مزید ترامیم کر کے ان قوانین کو جمہوری قوانین بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن میں میڈیا کا اہم کردار ہوگا کامیابیوں پر محیط ایک دور مکمل کررہے ہیں ،پاکستان اپنی جمہوریت کے 10سال مکمل کررہا ہے ،مصدقہ اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے اس سنگ میل کو بھی حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں موجودہ حکومت نے پانچ سالوں کے دوران اتنے کام کیے جو گذشتہ 66سالوں میں بھی نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کارکردگی پر میڈیا کو اپنے قلم کو نہیں روکنا چاہیے،میڈیا پانچ سالہ حکومتی کارکردگی کو فیئر انداز میں پیش کرے اس سے کارکردگی کی حوصلہ افزائی اور جمہوریت کو مزید تقویت ملے گی کیونکہ صحافت اور جہموریت کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔