آئندہ الیکشن میں قوم متحدہ مجلس عمل پر اپنے بھرپور اعتماد کااظہارکریگی،سینیٹر سراج الحق

خیبر پختونخواہ میں وزیرا علیٰ متحدہ مجلس عمل کا ہوگا اور مرکز میں بھی ایم ایم اے ایک موثر کردار اداکرے گی،صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 31 مئی 2018 23:29

آئندہ الیکشن میں قوم متحدہ مجلس عمل پر اپنے بھرپور اعتماد کااظہارکریگی،سینیٹر ..
پشاور،لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں قوم متحدہ مجلس عمل پر اپنے بھرپور اعتماد کااظہارکریگی۔خیبر پختونخواہ میں وزیرا علیٰ متحدہ مجلس عمل کا ہوگا اور مرکز میں بھی ایم ایم اے ایک موثر کردار اداکرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے المرکز اسلامی پشاور میں صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان اور عبدالواسع بھی موجود تھے۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ملک و قوم کے لیے اللہ کا خاص انعام ہے۔متحد ہ مجلس عمل کے قیام سے اسلام دشمن قوتوں کے خواب چکنا چورہوگئے ہیں اور جو لوگ دینی جماعتوں کو فرقہ وارنہ بنیاد پر باہم دست وگریبان کرکے اسلامی اخوت اور بھائی چارے کوختم کرناچاہتے تھے اور ملک میں سیکولر اورلبرل ازم کے خواب دیکھ رہے تھے انہیں سخت ہزیمت اور شرمندگی کامنہ دیکھنا پڑاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل آنے والے دنوں میں ملتان،کراچی پشاور، کوئٹہ اور روالپنڈی میں بڑے بڑے اجتماعات کرے گی ۔ہم عوام کو اتحاد و یکجہتی کے فروغ، کرپشن کے خاتمہ اور کلین گرین پاکستان کے ایجنڈے پر متحد کریں گے اور 2018کے الیکشن میں کامیابی کے بعد ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ نہیں رہے گی۔انہوں نے کہاکہ چاروں صوبوں میں نگران وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر اتفاق نہ ہونا اور حلقہ بندیوں کے جھگڑے بدقسمتی ہے جس سے انتخابات میں تاخیر کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ انتخابات کے انعقاد کو ان کے طے شدہ شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے قوم الیکشن میں ایک دن کی تاخیر بھی برداشت نہیں کرے گی۔