آنے والے الیکشن میں قوم متحدہ مجلس عمل پر اپنے بھرپور اعتماد کااظہارکریگی،سرا ج الحق

خیبر پختونخوامیں وزیرا علیٰ متحدہ مجلس عمل کا ہوگا اور مرکز میں بھی ایم ایم اے ایک موثر کردار اداکرے گی،امیر جماعت اسلامی

جمعرات 31 مئی 2018 23:29

آنے والے الیکشن میں قوم متحدہ مجلس عمل پر اپنے بھرپور اعتماد کااظہارکریگی،سرا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں قوم متحدہ مجلس عمل پر اپنے بھرپور اعتماد کااظہارکریگی۔خیبر پختونخوامیں وزیرا علیٰ متحدہ مجلس عمل کا ہوگا اور مرکز میں بھی ایم ایم اے ایک موثر کردار اداکرے گی۔گذشتہ روزامیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق خیبرپختونخوا کی پارلیمانی بورڈاجلاس میں شرکت کیلئے پشاور پہنچ گئے ، سینیٹرسراج الحق نے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ملک و قوم کے لیے اللہ کا خاص انعام ہے۔متحد ہ مجلس عمل کے قیام سے اسلام دشمن قوتوں کے خواب چکنا چورہوگئے ہیں اور جو لوگ دینی جماعتوں کو فرقہ وارنہ بنیاد پر باہم دست وگریبان کرکے اسلامی اخوت اور بھائی چارے کوختم کرناچاہتے تھے اور ملک میں سیکولر اورلبرل ازم کے خواب دیکھ رہے تھے انہیں سخت ہزیمت اور شرمندگی کامنہ دیکھنا پڑاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل آنے والے دنوں میں ملتان،کراچی پشاور، کوئٹہ اور روالپنڈی میں بڑے بڑے اجتماعات کرے گی ۔ہم عوام کو اتحاد و یکجہتی کے فروغ، کرپشن کے خاتمہ اور کلین گرین پاکستان کے ایجنڈے پر متحد کریں گے اور 2018کے الیکشن میں کامیابی کے بعد ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ نہیں رہے گی۔انہوں نے کہاکہ چاروں صوبوں میں نگران وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر اتفاق نہ ہونا اور حلقہ بندیوں کے جھگڑے بدقسمتی ہے جس سے انتخابات میں تاخیر کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ انتخابات کے انعقاد کو ان کے طے شدہ شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے قوم الیکشن میں ایک دن کی تاخیر بھی برداشت نہیں کرے گی۔