سندھ کے عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں گے، عمران اسماعیل

ہفتہ 2 جون 2018 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی نے گزشتہ روزپی ٹی آئی سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کے حلقے NA-247 اور پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل کے حلقے PS-111کے اعزاز میں دعوتِ افطار دی۔ دعوتِ افطار کا اہتمام شہزاد قریشی کی رہائش گاہ میں کیا گیا تھا۔

دعوتِ افطار میں سینئر مرکزی رہنما عمران اسماعیل ، پی ٹی آئی سندھ اور ویمن ونگ کی خواتین کے ساتھ ساتھ حلقے کے عوام اور مختلف طبقہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس دوران مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقعے پر سینئر رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ کے عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں گے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ کے دن پورے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اتنی لوٹ مار کی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ دونو ں سیاسی پارٹیاں عوام کی جان و مال کے ساتھ کھیلتی رہیں۔ اب تبدیلی کا وقت آچکا ہے اور تبدیلی آکر رہے گی۔ عوام آئندہ انتخابات میں پتنگ یا تیر کی بجائے صرف بلے کو ووٹ دیں گے۔ سندھ کی حکومت کھلاڑیوں کی ہوگی۔