چند روز سے سوشل میڈیا اور اخبارات میں ایسی خبریں تواتر سے آ رہی ہیں کہ وویمن یونیورسٹی باغ یا کالج آف ایجوکیشن باغ کسی اور جگہ منتقل ہو رہے ہیں ‘اس حوالے سے احتجاج ریکارڈ کروا یا جارہا ہے تاہم ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں

ڈپٹی کمشنر باغ سردار محمد وحید خان کا وضاحتی بیان

ہفتہ 2 جون 2018 20:26

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر باغ سردار محمد وحید خان نے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا اور اخبارات میں ایسی خبریں تواتر سے آ رہی ہیں کہ وویمن یونیورسٹی باغ یا کالج آف ایجوکیشن باغ کسی اور جگہ منتقل ہو رہے ہیں اس حوالے سے مختلف لوگ اور سیاسی جماعتیں اور تنظیمیں اپنا اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں ، انہوں نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی حکومت ان اداروں کو کسی دوسری جگہ منتقل کر رہی ہے یا ایسا کوئی فیصلہ ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی اطلاع کے لیے ضروری ہے کہ انکو آگاہ کیا جائے کہ جہاں تک کالج آف ایجوکیشن کی کسی دوسرے ضلع میں منتقلی کا معاملہ ہے تو ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی گورنمنٹ کی سطح پر کوئی ایسا فیصلہ ہوا ہے صرف سوشل میڈیا کی خبروں کو بنیاد بنا کر باغ میں اسطرح کی کیفیت کو پیدا کرنے سے گریز کیا جاے ، نیز وویمن یونیورسٹی باغ کی مختلف عمارتوں کی منتقلی کا معاملہ بھی آج کا نہیں ہے بلکہ یہ آج سے چار سال قبل حکومتی نوٹیفکیشن ہے تا ہم ہر دو ادارہ جات میں تقسیم شدہ عمارت کو اس ترتیب سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے کہ کسی ادارے کا کام متاثر نہ ہو ، وویمن یونیورسٹی باغ کے کیمپس کی تراڑکھل منتقلی کے حوالے سے وضاحت کرنا بھی ضروری ہے تراڑکھل کے عوام اور وہاں کے منتخب نمائندہ نے درخواست /سفارش کی ہے کہ وویمن یونیورسٹی باغ کا سب کیمپس وہاں دیا جائے جسطرح مظفر آباد یونیورسٹی کا سب کیمپس ہٹیاں اور نیلم میں ہے اور یونیورسٹی آف پونچھ کے سب کیمپسز کہوٹہ ، عباسپور اور منگ میں ہیں اگر ایچ ای سی انکی اس تجویز سے اتفاق کرتا ہے تو یہ لوگوں اور ایچ ای سی کا وویمن یونیورسٹی باغ تک اعتماد اور اطمینان ظاہر کرتا ہے اس سے قطعاً یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ وویمن یونیورسٹی باغ یا کوئی اس کے کوئی اثاثہ جات کئی اور منتقل ہوں گے بلکہ اس سے وویمن یونیورسٹی باغ مزید مستحکم ہو سکتی ہے اس لیے باغ کے عوام اور جملہ متعلقین ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں ۔