محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تحت نصب کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ چل رہے ہیں ‘عوام الناس کی وسیع تعداد پینے کے پانی کی سہولت سے استفادہ کر رہی ہے‘ ترجمان محکمہ لوکل گورنمنٹ

ہفتہ 2 جون 2018 20:34

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تحت نصب کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ چل رہے ہیں اور عوام الناس کی وسیع تعداد پینے کے پانی کی سہولت سے استفادہ کر رہی ہے ۔آپریشن اینڈ مینٹی نینس اور بجلی کے کم یا زیادہ وولٹیج کی وجہ سے کئی جگہ پر موٹرز دیگر مشینری کے مسائل درپیش رہتے ہیں تاہم بحیثیت مجموعی پلانٹ چل رہے ہیں ۔

وزیر لوکل گورنمنٹ کی جانب سے محکمہ کو آپریشن اینڈ مینٹی نینس کا نظام وضع کرنے کیلئے لکھے گئے خط کو محکمہ کے اندر بعض کاریگروں نے اخبارات میں دے کر غلط تاثر دینے کی کوشش کی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ مظفرآباد شہر میں نصب آٹھ پلانٹس بلاناغہ چل رہے ہیں اور روزانہ شہریوں کی بڑی تعداد صاف پانی سے استفادہ کرتی ہے اس کے علاوہ میرپور شہر ،باغ،راولاکوٹ کے شہروں میں نصب پلانٹس بھی بھرپور طریقے سے چل رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تاہم رمضان المبارک کے دوران مقامی آبادی کی سہولت کے پیش نظر اوقات کار کو تبدیل کیا گیا ہے اور زیادہ تر پلانٹ دوپہر گیارہ بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک چلتے ہیں ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ پلانٹ عرصہ 2011سے 2014کے درمیان نصب ہوئے ہیں اور ان کے ریگولر دیکھ بحال ہوتی ہے نلکے چوری ہو جاتے ہیں اس کے علاوہ کم یا زیادہ وولٹیج کی وجہ سے الیکٹرک پارٹس بھی جل جاتے ہیں اور فلٹر کارٹیجز وغیرہ کی تبدیلی بھی ہوتی رہتی ہے ۔