رحمن ملک کا بھارت کا کشن گنگا ڈیم افتتاح کرنے پر افسوس کا اظہار

مجھے افسوس ہے کہ پاکستان کشن گنگا ڈیم کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں تو گیا مگر کیس پیروی نہیں کی۔بھارتی وزیراعظم مودی جس کا مائنڈ سیٹ پاکستان کے خلاف ہے نے پاکستان پر واٹر بم مارا ہے، رہنما پیپلز پارٹی

ہفتہ 2 جون 2018 22:13

رحمن ملک کا بھارت کا کشن گنگا ڈیم افتتاح کرنے پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء و سینیٹر رحمن ملک نے بھارت کا کشن گنگا ڈیم کا افتتاح کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس پر رپورٹ نہ جمع کرانے والوں کے خلاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے‘ مجھے افسوس ہے کہ پاکستان کشن گنگا ڈیم کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں تو گیا مگر کیس پیروی نہیں کی۔

بھارتی وزیراعظم مودی جس کا مائنڈ سیٹ پاکستان کے خلاف ہے نے پاکستان پر واٹر بم مارا ہے اب تک میں نے نہیں دیکھا کہ پاکستان کے کسی سیاست دان نے کشن گنگا ڈیم پر بات کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے بین الاقوامی عدالت کی مہلت پر بھی کشن گنگا ڈیم کے نقصانات پر رپورٹ جمع نہیں کروائی۔ دس دنوں کی مہلت کے باوجود نواز حکومت کشن گنگا ڈیم کی وجہ سے پاکستان کو نقصانات کی تفصیلات نہ دے سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے کو سینیٹ پاکستان میں اٹھائوں گا کہ کشن گنگا ڈیم معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے کہ کیوں بھارت ڈیم کے خلاف تفصیلات بین الاقوامی عدالت میں جمع نہیں کروائی گئیں۔ رحمن مک نے کہا کہ بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق 2025 ء تک پاکستان دنیا کا تیسویں نمبر پر پانی کی قلت کا سامنا کرنے والا ملک ہوگا۔

نواز لیگ حکومت نے انتہائی اہم قومی مسئلے کو نظر انداز کرکے بھارت کو فائدہ پہنچایا ہے۔ کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کے پانی میں تیس سے چالیس فیصد تک کمی واقع ہوگی۔ کشن گنگا ڈیم کی وجہ سے نہ صرف ہماری زمینیں بنجر ہوں گی بلکہ توانائی کے بحران میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس ڈیم سے پاکستان دریائے نیلم پر چائنہ کی مدد سے بننے والے گریڈ اسٹیشن بھی متاثر ہوں گے۔ نواز حکومت بڑے دعوئوں کے باوجود توانائی کا مسئلہ حل کرنا تو در کنار بلکہ پاکستان کو مزید بحرانوں کا شکار کر گئی ہے۔