Live Updates

رات کے اندھیرے میں بننے والی پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہے ، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریگی، پارٹی سے غداری کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کرینگے، سابق وفاقی وزیر

ہفتہ 2 جون 2018 23:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں بننے والی پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہے ،مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریگی پارٹی سے غداری کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کرینگے، پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں اور عوام کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری ہے ہم شہداء اور اپنی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سابق میئر کوئٹہ محمد رحیم کاکڑ کی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینئر دوستوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ ، سابق میئر کوئٹہ محمد رحیم کاکڑ،میر عرفان کرد، حاجی عبدالسلام ، سکینہ مینگل ، طارق بٹ ایڈووکیٹ،ملک انور نسیم کاسی ایڈووکیٹ، آغا عمر شاہ ، میرائس کاکڑ، حاجی عمر خلجی ، عبدالغفار بادینی اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان ترقی کے لہذا سے ملک کے دوسرے صوبوں سے بہت پیچھے ہے ہمارے صوبے کی ترقی کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بلوچستان میں ایک تماشہ لگاکر مسلم لیگ (ن) کی حکومت بغیر کسی وجہ کے ختم کی گئی وہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو صوبے میں فعال بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر ساتھیوں اور کارکنوں کے مشورے سے اقدامات کریں گے ہم نے مرکزی قائدین پر واضح کردیا ہے کہ بلوچستان میں پارٹی کے فیصلوں کے حوالے سے کوئی ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں آج بھی مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں کوئی بھی کرپشن یا بدعنوانی سامنے نہ آنے پر میاں محمد نواز شریف کو اقامہ پر نا اہل کیا گیا اور فیصلہ میں کہا گیا کہ کرپشن کا کیس نیب دیکھے گا اور ابتک پارٹی کے قائد میاں نواز شریف اورانکی بیٹی مریم نواز 80زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں لیکن ان پر کوئی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) 2018ء کے انتخابات میں بلوچستان بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پراپنے امیدوار کھڑے کریگی اور پارلیمانی بورڈ کارکنوں اور سینئر دوستوں سے صلاح مشورے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ملک میں امن وا مان کے قیا م کیلئے پاک فوج ، ایف سی ،پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں پاک فوج کو بھی چاہئے کہ وہ کسی کو اپنا نام غلط استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ رات کی اندھیرے میں بننے والی پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے اور 2018ء کے انتخابات میں انہیں بدترین شکست سے دوچار کریں گے۔ اس موقع پر سابق میئر کوئٹہ محمد رحیم کاکڑ نے کہا کہ ہمیں پارٹی کے بعض فیصلوں پر تحفظات تھے جن پر ہم نے پارٹی کے اندر رہتے ہوئے آواز بلند کی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوتے ہوئے بھی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے مسائل حل نہیں کرسکے جس کا ہمیں افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ(ن) کو بلوچستان میں فعال اور منظم بنانے کیلئے پارٹی کی صوبائی قیادت کے ساتھ ہیں بلوچستان میں عام انتخابات میں امیدواورں کو پارلیمانی بورڈ کارکنوں اورسینئر ساتھیوں سے صلاح مشورے کے بعد ٹکٹ جاری کرے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات