صدر سردار مسعود خان سے چیف سیکرٹری آزادکشمیر میاں وحید الدین کی

چیف سیکرٹری نے صدر ریاست کو عبوری ایکٹ 1974؁ء میں 13ویں ترمیم کی متفقہ طور پر منظوری پر مبارکباد پیش کی

اتوار 3 جون 2018 18:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے آج یہاں ایوان صدر میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر میاں وحید الدین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری میاں وحید الدین نے صدر ریاست کو آزاد جموں وکشمیر کونسل ریفارمز کے حوالے سے عبوری ایکٹ 1974؁ء میں 13ویں ترمیم کی متفقہ طور پر منظوری پر مبارکباد پیش کی ، جس کے تحت کشمیر کونسل کے مالیاتی، انتظامی و قانون سازی کے اختیارات آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کو منتقل کئے گئے ہیں۔

صدر آزاد جموں وکشمیر نے دوران گفتگو کہا کہ آزاد جموں وکشمیر عبوری ایکٹ 1974؁ ء میں 13ویں ترمیم آزاد کشمیرکی تاریخ میں ایک سنگ میل ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ترمیم کے بعد حکومت آزادکشمیر اور حکومت پاکستان کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی با اختیار اور مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر میاں وحید الدین نے 13ویں ترمیم کے بعد آزاد کشمیر کے عوام الناس تک اس کے ثمرات پہنچانے کے حوالے سے ضروری اقدامات سے متعلق صدر ریاست کو تفصیلاً بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی مشینری 13ویں ترمیم سے ملنے والے وسائل کو احسن طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود ، ریاستی ترقی و خوشحالی کے لئے بھر پور طریقے سے استعمال کئے جائیں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کو جدید طرز پر فروغ دینے اسے منظم طور پر فعال کئے جانے کے لئے اس میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ سیاحوں کے لئے جدید رہائشی سہولیات معیاری ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور سفری سہولیات کے لئے جدید سڑکوں کی تعمیر کی جانی ہوگی۔

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے مظفرآباد و راولاکوٹ ائیر پورٹ کی از سر نو مینٹیننس و توسیع کے بارے میں بھی صدر ریاست کو مکمل طور پر بریفنگ دی۔ جس پر صدر آزاد جموں وکشمیر نے ان ائیر پورٹس کو جلد فعال بناے کی ہدایت دی۔

متعلقہ عنوان :