لاؤڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمے کی سماعت

کراچی کی مقامی عدالت نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، نسرین جلیل، حیدرعباس رضوی اور فیصل سبزواری کی گرفتاری کا حکم دے دیا

پیر 4 جون 2018 20:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) کراچی کی مقامی عدالت نے لاؤڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمے میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، نسرین جلیل، حیدرعباس رضوی اور فیصل سبزواری کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار و دیگر کی گرفتاری کا حکم دے دیا، عدالت نے ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں میں نسرین جلیل، حیدرعباس رضوی، فیصل سبزواری کی بھی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتارکرکے 9 جولائی کوعدالت میں پیش کیا جائے۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ 2015 میں تھانہ سولجر بازار میں درج کیا گیا تھا۔