Live Updates

لوڈشیڈنگ نی11 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے،پورا پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، 5 سال حکومت کرنے والوں کے دعوے ناکام ہوئی

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس

منگل 5 جون 2018 18:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حالیہ لوڈشیڈنگ نی11 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ پورا پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ 5 سال حکومت کرنے والوں کے دعوے ناکام ہوئی ۔ یہ بات نے انہوں نے منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے ریحام خان اپنی کتاب کے مواد اور جزئیات کی تردید کریں گی۔ ہم فیملی کی اقدار پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں، ان کو پاکستان اور فیملی نظام کی کوئی پرواہ نہیں۔ سلمان احمد نے الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے، اس طرح کی کتاب پری پول رگنگ کے زمرے میں آتی ہے لہذا اس کتاب پر پابندی لگنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ طلاق کو تین برس ہوگئے ہیں مگر الیکشن سے دو ماہ قبل کتاب کا شوشا چھوڑا گیا، 1996 میں عمران خان کے خلاف سیتا وائٹ اسکینڈل سامنے آیا کیونکہ اس وقت وہ سیاست میں آرہے تھے جب کہ ماضی میں الیکشن سے پہلے نصرت بھٹو مرحومہ کی جعلی تصویریں پھیلائی گئیں اور 1987 میں حسین حقانی نے بے نظیر کی جعلی تصاویر بنوائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر ونگ کو اس کی تحقیقات کرنی چاہیے، ای میل کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے کہ یہ مواد کیسے پھیلایاگیا۔ انہوں نے ریحام سے مطالبہ کیا کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر اس مواد کی تردید کریں ورنہ یہ مواد شدید ترین قانونی کارروائی کا متقاضی ہے، اس پر پرچے کٹیں گے اور کرمنل کیسز ہوں گے جب کہ الیکشن کمیشن کو نوٹس لے کر کتاب پر پابندی لگانی چاہیے، اسلامی نظریاتی کونسل بھی اس کا نوٹس لے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈکے اجلاس میں پنجاب سے متعلق تمام فیصلے کرلیے جائیں گے، بلوچستان، کے پی اور سندھ کے امیدواران فائنل کرلیے گئے ہیں، تمام امیدواروں کی لسٹ آج (بدھ) کو باضابطہ ریلیز ہوجائیگی، سوشل میڈیا پر گمراہ کن فہرست چل رہی ہیں اس پر توجہ نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی لڑائی جھگڑے کی ضرورت نہیں، اطمینان سے بات ہوئی، بورڈ نے متفقہ طور پر امیدواران منتخب کیے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد قابل احترام نام ہے، ہم اسے قبول کرتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات