Live Updates

مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس، ساہیوال اور ملتان ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویو ز لئے گئے

اجلاس میں صدرمسلم لیگ (ن) محمدشہبازشریف، قائد محمد نوازشریف، شاہدخاقان عباسی، مریم نوازاور دیگر رہنمائوں کی شرکت درخواستیں جمع کرانیوالے تمام امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت،پارٹی ٹکٹ کے اجراء پر باقی افراد اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے (ن) خدمت کی سیاست کی بدولت عوام کے دلوں میں بستی ہے، عوام کو نام نہاد تبدیلی کے کھوکھلے دعوے سے دھوکہ نہیں دیا جاسکتا‘شہبازشریف

منگل 5 جون 2018 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ساہیوال اور ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی و صوبائی وزراء خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق،چوہدری شیر علی، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر خان،چوہدری تنویر، احسن اقبال اور دیگرنے اجلاس میں شرکت کی۔

محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست کی بدولت عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ گزشتہ 5 برس کے دوران بلاامتیاز خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ الیکشن میں مضبوط اور عوامی خدمت کرنے والے امیدواروں کو ترجیح دیں گے۔

(جاری ہے)

عام انتخابات جھوٹ کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو نام نہاد تبدیلی کے کھوکھلے دعوے سے دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔

باشعور عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کیساتھ ہیں۔عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی حمایت سے فتح حاصل کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف نے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں جمع کرانے والے امیدواروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواستیں جمع کرانے والے تمام امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ امیدواران کو وقت کی بچت کیلئے کاغذات نامزدگی فوری طور پر جمع کرانے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کے اجراء پر باقی افراد اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے۔ محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مکمل تیاری کے ساتھ عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے زیرصدارت پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں قائد محمدنوازشریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق،مریم نوازشریف، سید مشاہد حسین ، سلمان شہباز اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے والے امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے انتخابات میں سراٹھا کر حصہ لے گی۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وفاق اور صوبے میں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے اور عوام کے دل جیت لئے۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی ترقی ، خوشحالی اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دے گی۔ ہمارا مشن اقتدار کی سیاست نہیں پاکستان کے عوام کی خدمت ہے۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات