Live Updates

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم

(ن) لیگ اور پی ٹی آئی میں ڈیڈلاک برقرار‘معاملہ الیکشن کمیشن بھیجنے کا فیصلہ

بدھ 6 جون 2018 15:13

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہو سکا اور دونوں جماعتوں میں ڈیڈلاک برقرار ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کو ریفر کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقررکیلئے ن لیگ اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں رانا ثنااللہ ،محمودالرشید،ملک احمد خان ،خواجہ عمران نذیر، سبطین خان اورشعیب صدیقی شریک ہوئے اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال بھی موجود تھے۔

سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوایک ایک نام دینے کامشورہ دیا،حکومت کے غیرلچکداررویے سے مذاکرات ناکام ہوئے،ان کا کہناتھا کہ حکومت سے کہا ایک نام آپ دیں اورایک ہم دیتے ہیں، حکومت سے ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے،انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان ایڈمرل (ر) ذکااللہ کے نام پربضدتھے، اب الیکشن کمیشن نگران وزیراعلیٰ کافیصلہ کریگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کیلئے حسن عسکری ،ایازامیر، ن لیگ کی جانب ذکااللہ اور جسٹس (ر) سائرعلی کے نام پیش کئے گئے ،دونوں جماعتوں میں نگران وزیراعلیٰ کے تقررپر اتفاق رائے نہ ہو سکا اور اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا۔سپیکر کی جانب سے دونوں جانب سے پیش کردہ ناموں کی سمری الیکشن کمیشن کو ارسال کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات