ہماری کمزوریوں اور مجبوریوں کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے ، ٹھوٹھہ سیٹلائٹ ٹائون مہاجرین کا حق ہے اس حق سے کوئی مائی کا لال دستبردار نہیں کروا سکتا

مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے رہنماء و صدر ٹھوٹھہ سیٹلائٹ ٹائون گلشاد احمد بٹ اور راجہ بشارت خان کا بیان

جمعرات 7 جون 2018 16:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے رہنماء و صدر ٹھوٹھہ سیٹلائٹ ٹائون گلشاد احمد بٹ اور راجہ بشارت خان نے کہا کہ ہماری کمزوریوں اور مجبوریوں کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے ، ٹھوٹھہ سیٹلائٹ ٹائون مہاجرین کا حق ہے اس حق سے کوئی مائی کا لال دستبردار نہیں کروا سکتا، مہاجرین مقبوضہ کشمیر 8 اکتوبر سے تاحال بے یارومددگا ر کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں ، کسی کو ہماری تکلیف کا احساس نہیں جب گھروں سے باہر نکل آتے ہیں تو سب سرکاری ادارے ہمدرد بن جاتے ہیں، ٹھوٹھہ سٹیلائٹ ٹائون سے قبضہ اس لیے چھوڑا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سے انصاف کا وعدہ کیا ہے عید کے سات دن بعد آباد کاری کا عمل شروع نہ کیا گیا تو دما دم مست قلندر دوبارہ ہو گا۔

(جاری ہے)

عوام تنگ آچکے ہیں نوجوان طبقہ تباہ و برباد ہو رہا ہے مسائل حل نہیں ہو رہے ، لوگ بد ترین حالات میں زندگی گزار رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد اچھے آدمی ہیں مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کر نا چاہتے ہیں حکومت ان سے تعاون نہیں کر رہی ، مہاجرین کا آفات سماوی میں جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے ہم پر امن لوگ ہیں مگر چند اعلیٰ افسران ہماری شرافت سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں ضلعی انتظامیہ نے ٹھوٹھہ میں دیکھا ہوگا کہ ہم اپنے حقوق کیلئے کس حد تک جا سکتے ہیں اب تسلیاں نہیں مانے گے اب کام ہونا چاہیے ورنہ نتائج بھیانک ہونگے۔