محکمہ موسمیات نے جمعہ کو کراچی میں ہلکی بوندا باندی کی پیش گوئی کر دی

جمعرات 7 جون 2018 19:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) رمضان المبارک کے آغاز پر ہیٹ ویو نے شہر قائد کے لوگوں کی جان ہلکان کررکھی تھی لیکن اس کے بعد ملک کے دیگر حصوں کی نسبت موسم بہت خوشگوار ہے اور اب محمکہ موسمیات نے جمعے کو بوندا باندی کی پیش گوئی بھی کردی ہے۔ذرائع کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی میں شدید گرمی نے ڈیرے ڈال لیے تھے۔

(جاری ہے)

گرمی، حبس اور سمندری ہوا کی بندش کے بعد غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے کراچی والوں کی زندگی اجیرن بنادی تھی۔ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر شہر میں جگہ جگہ امدادی کیمپ قائم کیے گئے تھے۔گزشتہ ہفتے سے کراچی میں سمندری ہوائیں چلنی شروع ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی تھی اور گرمی کے ستائے ہوئے لوگوں نے سکون کا سانس لیاتھا۔ اور اب محکمہ موسمیات نے کراچی کے باسیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزیدکمی آئے گی