حسن عسکری بطور نگران وزیر اعلیٰ ایک معتبر نام ، وہ ایک ایماندار شخص ہیں ، اعجاز احمد چوہدری

تمام پارٹیوں نے ان پر اعتماد کیا ہے سوائے ن لیگ کے ، ن لیگ نجم سیٹھی جیسا نگران وزیر اعلیٰ چاہتی تھی اس بار ان کی یہ خواہش پوری نہ ہو سکی اس لئے یہ واویلہ مچا رہے ہے،پی ٹی آئی رہنماء

جمعرات 7 جون 2018 22:02

حسن عسکری بطور نگران وزیر اعلیٰ ایک معتبر نام  ، وہ ایک ایماندار شخص ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حسن عسکری بطور نگران وزیر اعلیٰ ایک معتبر نام ہے ، وہ ایک ایماندار شخص ہے ، تمام پارٹیوں نے ان پر اعتماد کیا ہے سوائے ن لیگ کے ، ن لیگ نجم سیٹھی جیسا نگران وزیر اعلیٰ چاہتی تھی اس بار ان کی یہ خواہش پوری نہ ہو سکی اس لئے یہ واویلہ مچا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف ،ْ شہباز شریف اور آصف زرداری نے ملکی ادروں کو تباہ کر دیا ہیں۔

ان کرپٹ حکمران نے ملک کو نقصان پہنچایا ا ور عوام کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے کے سواء کچھ نہیں کیا۔شریف برادران نے عوام کا خون چوسا ہیں۔حکمران عوام کونہ صاف پانی اور نہ ہی بجلی فراہم کر سکے، پنجاب میں بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کی تمام ذمہ دار ی شہباز شریف پر عائد ہوتی ہے ، وہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر مغل اور سہیل مغل کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر اپیکا کے مرکزی صدر حاجی ارشاد نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی امیدواروں اعجاز چوہدری اور فیاض بھٹی کی الیکشن میں بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

افطار ڈنر میں چوہدری زاہد، الیاس کھرل، رانا احمد ظفر، کوثر علی، جاوید اقبال نظامی، شوکت ورک، خالد ورک سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔