پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر واٹر ڈیمز بنائے جائیں ،ْ نصرت واحد

کالا باغ ڈیم سمیت ڈیموں کی تعمیر کیلئے اتفاق رائے پیدا کیا جائے ، عارف علوی سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 9 جون 2018 20:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف وومین ونگ سندھ کی صدر نصرت واحد نے کہا ہے کہ مستقبل میں پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر واٹر ڈیمز بنائیں جائیں چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق سوموٹو ایکشن قابل ستائش ہے ان خیالات کاا ظہار انہوں نے تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا دونوں رہنمائوں نے پارٹی امور سمیت بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا نصرت واحد نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈم کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے ورلڈ بینک کو کشن گنگا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے متعدد بار تحفظات کا اظہار کیا گیا مگر اب تک اسکا نوٹس نہیں لیا گیا اور ورلڈ بینک اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے سے گریزاں ہے جس کے باعث ملک میں پانی کے شدید بحران کا اندیشہ ہے انہوں نے کہا کہ تبت کی جانب سے بھارتی دریائوں کو وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جارہا ہے مگر بھارت متنازعہ ڈیمز تعمیر کرکے پاکستان کے پانی کے حق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے نصرت واحد نے مزید کہا کہ کالا باغ ڈیم سمیت تمام متنازعہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے تمام صوبوں کے تحفظات دور کرکے ڈیموں کی تعمیر شروع کی جائے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی ڈیم تعمیر کیئے جائیں شہر قائد کو حب ڈیم اور کھینجر جھیل سے پانی فراہم کیا جاتا ہے جو کہ ناکافی ہے۔