کشمیری بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، سید علی گیلانی

بھارت کی طاقت استعمال کرنے کی پالیسی مقبوضہ علاقے میںخون خرابے کی بنیادی وجہ ہے،بھارتی کٹھ پتلیوں نے علاقے میں معصوم شہریوں کے خلاف خوف ودہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے، بیان

ہفتہ 9 جون 2018 20:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے حصول آزادی کی منزل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے جو 2010ء سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی کٹھ پتلیوں نے علاقے میں معصوم شہریوں کے خلاف خوف ودہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔

انہو ں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ مزاحمتی رہنمائوں پر پابندیاں عائد کرکے، مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روک کر اورنظربندکرکے انہیںپرامن مظاہروں کے حق سے محروم رکھ رہی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیا جائے گااور ان کے مشن کو ہرقیمت پر مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںبھارت نواز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے کسی رہنما سے ان کی ملاقات کے بارے میں بھارتی ذرائع ابلاغ کے ایک سیکشن کی طرف سے نشر کی جانے والی خبروں کو سختی سے مسترد کیا ہے۔

انہوں نے اسے پی ڈی پی کی طرف سے کشمیری عوام میں پذیرائی حاصل کرنے اور ان کے دل ودماغ میں شکوک پیدا کرنے کی کوشش قراردیا۔جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیںجس کا وعدہ ان سے عالمی برادری نے کیا ہے لیکن بھارت ا ن کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہا ہے۔

میرواعظ عمرفاروق کی زیر قیادت عوامی مجلس عمل نے اپنے رہنما مولوی مشتاق احمد کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ان کونامعلوم بندوق برداروں نی2004ء میں سرینگر میں مسجد سے باہر آتے ہوئے گولی مارکر شہید کیا تھا۔ جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے ضلع کولگام کے علاقے پاریگام میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فوجی طاقت استعمال کرنے کی پالیسی مقبوضہ کشمیر میں خون خرابے کی بنیادی وجہ ہے۔

جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع ریشی نے سرینگر میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ حریت کارکنوں محمد صدیق گنائی، غلام جیلانی للو اور فاروق احمد ڈگہ کو آٹھ سال کی غیر قانونی نظربندی کے بعد تہاڑ جیل سے رہا کردیاگیا ہے۔دہلی کی ایک عدالت نے تہاڑ جیل میں ایک جھوٹے کیس میں نظربند کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔