کراچی کے خصوصی حالات کی وجہ سے رینجرز تعینات ہے اس میں رینجرز کا بڑا کردار ہے،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ

ہفتہ 9 جون 2018 20:37

کراچی کے خصوصی حالات کی وجہ سے رینجرز تعینات ہے اس میں رینجرز کا بڑا ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس آف سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ کراچی کے خصوصی حالات کی وجہ سے رینجرز تعینات ہے اس میں رینجرز کا بڑا کردار ہے۔ وہاں لسانی بنیادوں پر فسادات ہوئے ، پولیس افسران شہید ہوئے اور پولیس کا مورال بھی گرگیا تھا لیکن اب چار سال سے وہاں حالات بہتر ہورہے ہیں اب کراچی میں پولیس احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔

حیدرآباد پولیس گراؤنڈ میں پولیس کے شہداء کے نام سے منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے کا کہنا تھا کہ انتخابات کیلئے جب پولنگ اسکیم یا پولنگ اسٹیشن کی فہرستیں آجاتی ہیں تو ہماری تیاری شروع ہوجاتی ہے ، ہر ضلع میں پولیس اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنوں کی حساسیت کے حوالے سے اپنی تیاریاں مکمل کرتی ہے ، ہم نے کنٹی جنسی پلان بنانا شروع کردیئے ہیں ، جون کے آخری ہفتے میں عملدرآمد شروع کردیںگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے اطراف کے حالات کی وجہ سے یہاں لڑائی کبھی ختم نہیں ہوگی ، ہماری وسیع رقبے پر سرحدیں پھیلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے دونوں طرف خطرات رہتے ہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر وقت تیاری کرتے رہتے ہیں ۔ کراچی اور حیدرآباد میں بھی فورسز چوکنا ہے اور کئی مرتبہ بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کو ناکام بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس انتخاب میں بھی ہر مرتبہ کی طرح اس بار بھی اضافی پولیس فورس لگائی جائیگی جو تین روز کیلئے اپنی ذمہ داریاں انجام دے گی۔ پولیس افسران کی تعیناتی اور انہیں ہٹائے جانے کا فیصلہ حکومت کو کرنا ہے جس پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ انتخابات میں سیکورٹی کے حوالے سے ہماری تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ۔