رمضان المبارک کے مقدس مشن تب ہی پورا ہو گا کہ ہم بحیثیت ملت بقیہ گیارہ ماہ بھی اپنے انفرادی و اجتماعی معاملات قرآن و سنت ، رمضان المبارک کی روح کے مطابق استوار کریں

جماعت اسلامی ضلع پونچھ کے امیر سردار سجاد انور خان کا ٹو پہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب

پیر 11 جون 2018 16:08

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) رمضان المبارک کے مقدس مشن تب ہی پورا ہو گا کہ ہم بحیثیت ملت بقیہ گیارہ ماہ بھی اپنے انفرادی و اجتماعی معاملات قرآن و سنت ، رمضان المبارک کی روح کے مطابق استوار کریں ۔عروج و سربلندی کی راہوں کو اپنانے میں ہی ہماری دنیاوی و اخروی فلاح و سعادت مندی مقدر ٹھہرے گی ۔ یہ ماہ قرآن ہے اور قرآن کا واضح پیغام اور مقصد ہے کہ اس دنیا پر رب کا نظام عدل غالب ہوتاکہ اس استحصالی کافرانہ تہذیب کے گھناونے شکنجے سے انسانیت کو نجات دلائی جائے ۔

آپ ؐنے قرآن کی روشنی میں مدینہ منورہ کی پہلی نظریاتی اسلامی ریاست عملی طور پر قائم کر کے رہتی دنیا تک کیلئے ایک مینارہ نور قائم کر دیا ایسی ریاست جس میں معیشت ، سیاست ، تہذیب و تمدن ، عدل و انصاف اس اعلی ترین معیار کا تھا کہ جس کی رہنما ئی قیامت تک انسانیت کی ہوتی رہے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار جماعت اسلامی ضلع پونچھ کے امیر سردار سجاد انور خان نے ٹو پہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس افطار ڈنر سے امیر یونین کونسل رہاڑہ ندیم خالق ، جماعت اسلامی یوتھ کے رہنما عدیل عارف ، ایاز قدیر ، جاوید افراہیم نے بھی خطاب کیا ۔سردار سجاد انور خان نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک محض رسم نہیں ہے بلکہ یاد دہانی ہے کہ اسلام سے وابستگی رکھنے والے حقیقی اسلامی میرٹ سے اپنے آپ کو وابستہ رکھتے ہیں اپنی تربیت کا خصوصی اہتمام کریں ۔ رمضان ہمیںمکمل طور پر یہ دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی معاملات کو اپنی مرضی و منشاکے مطابق نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے الہامی آفاقی تعلیمات کی روشنی چلانے کا اہتمام کریں ۔