اسلام آبادہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی شہید بھٹو کا انتخابی نشان تبدیل کرنے پر الیکشن کمیشن سے ریکارڈ مانگ لیا

منگل 12 جون 2018 20:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) اسلام آبادہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی شہید بھٹو کا انتخابی نشان تبدیل کرنے پر الیکشن کمیشن سے ریکارڈ مانگ لیا۔ اس ضمن میں پاکستان پیپلزپارٹی شہید بھٹو خیبرپختونخواہ کے صدر سیّد سلیم شاہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ پاکستان پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی چیئرسن غنویٰ بھٹو نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بیٹے میرمرتضیٰ بھٹو نے پیپلزپارٹی شہید بھٹو کو رجسٹر کروایاتھا۔

اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی پی پی شہید بھٹوکو انتخابی نشان تلوار الاٹ کیاگیاتھا۔ تمام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پی پی شہید بھٹو کو تلوار کا انتخابی نشان ہی الاٹ کیاجاتارہا۔

(جاری ہے)

رواں سال ہونیوالے عام انتخابات کیلئے پی پی شہید بھٹو سے اس کا انتخابی نشان تلوار چھین کر پاکستان پیپلزپارٹی کو الاٹ کردیا گیاہے۔ غنویٰ بھٹو نے اس پٹیشن کی اٹارنی مجھے دے رکھی ہے۔ منگل کے روز محمد افضل صدیقی ایڈوکیٹ اسلام آبادہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور انہوں نے اپنے دلائل عدالت میں پیش کئے۔ جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پی پی شہید بھٹو کے انتخابی نشان کا ریکارڈ دس یوم کے اندر پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔