پشاور پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا

غیرت کے نام پر سگی بہن کو پھانسی دیکر قتل کرنے اور خاموشی سے دفنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا

منگل 19 جون 2018 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) پشاور پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر غیرت کے نام پر سگی بہن کو پھانسی دیکر قتل کرنے اور خاموشی سے دفنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ قاضی کلے علاقہ تھانہ فقیر آباد میں ایک لڑکی مسماة(آ) کو اس کے حقیقی بھائی نے غیرت کے نام پر پھانسی دے کر قتل کر کے خاموشی سے گاؤں تیرائی قبرستان میں دفنا دیا ہے۔

اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ کو فوری طور پر اپنے تئیں انکوائری کرنے اور واقعہ کی صداقت معلوم کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ نے ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد نور حیدر خان کے ساتھ مل کر مخبران کے ذریعے اصل حقائق معلوم کرنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر فاروق ولد جان محمد سکنہ قاضی کلے کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

جس نے دوران تفتیش پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بیان کیا کہ اس نے اپنی سگی بہن مسماة (آ) کوغیرت کے نام پر پھانسی دے کر قتل کرنے کے بعد تیرائی قبرستان میں دفنا دیا ہے ۔فقیر آباد پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج رجسٹر کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے اندھے قتل اور پھر خاموشی کے ساتھ اسے دفنانے کا سراغ لگانے پر ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق، ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ اور ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :