اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی کے ویلفیئر و نگ حسینیت فائونڈیشن کی طرف سے سندھارہ ، بگلیاں، ننڈہ گلی سمیت لائن آف کنٹرول سے ملحقہ غرباء و مساکین ومستحق افراد کے متعدد خاندانوں میں عید پیکیج و راشن اشیائے خوردنی کی تقسیم

جمعہ 22 جون 2018 16:16

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی کے ویلفیئر و نگ حسینیت فائونڈیشن کی طرف سے سندھارہ ، بگلیاں، ننڈہ گلی سمیت لائن آف کنٹرول سے ملحقہ غرباء و مساکین ومستحق افراد کے متعدد خاندانوں میں عید پیکیج و راشن اشیائے خوردنی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر سندھارہ گلی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت حاجی محمد صادق چوہدری نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز سماجی و روحانی شخصیت و چیئرمین حسینیت فائونڈیشن پیر سیّد تصور حسین شاہ کاظمی تھے۔

جبکہ تقریب میں چیئرمین اسلامک پارٹی سیّد علی اظہر شاہ کاظمی ایڈووکیٹ، سیکرٹری مالیات اسلامک ڈیمو کریٹک پارٹی صحافی و کالم نگار عنائت علی شاہ، صدر یوتھ ونگ آئی ڈی پی ضلع کوٹلی وسیم کاظمی، IDSF کے راہنمائوں جواد کاظمی، میڈیا کوآرڈینیٹر و صحافی فاروق گوہر، قلب عباس، انجمن تاجران سندھارہ کے صدر چوہدری سید محمد، چوہدری جمالدین سمیت متعدد معززین علاقہ و عوام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز سیّد جرار حیدر نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور محمد علی کاظمی نے نعتِ رسول مقبولﷺ پیش کی جس کے بعد پیر تصور حسین شاہ نے مختصر خطاب و دعا کی۔ اس کے بعد صدر تقریب حاجی محمد صادق اور مہمان خصوصی پیر سیّد تصور شاہ نے کنٹرول لائن سے ملحقہ دور دراز سے آئے ہوئے مستحقین میں اشیائے خوردنی کے پیکیج تقسیم کیے۔ پہلے مرحلے میں خواتین و بچوں میں راشن تقسیم کیا گیا جبکہ اس کے بعد مردحضرات کو راشن تقسیم کیا گیا۔

بگلیاں کے مقام پر بھی متعدد مستحق افراد و خاندانوں میں عید پیکیج تقسیم کیا گیا۔ حسینیت فائونڈیشن نے امسال مجموعی طور پر سو مستحق خاندانوں میں عیدپیکیج تقسیم کیے۔ اس موقع پر آئی ڈی پی اور حسینیت فائونڈیشن کے ترجمان عنائت علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرف اس عید الفطر پر بھی مستحق افراد میں پیکیج تقسیم کیا گیا۔ گزشتہ عیدالفطر پر 60 خاندانوں میں عید پیکیج تقسیم کیے گئے تھے جبکہ امسال 100 سے زائد خاندانوں کو مستفید کیا گیا۔

فی الحال یہ ریلیف اہتمام صرف پیر سیّد تصور حسین شاہ چیئرمین حسینیت فائونڈیشن اور ان کی فیملی کے افراد اپنی مدد آپ کے تحت فیملی چندہ سے کررہے ہیں جوکہ عیدالاضحی پر اجتماعی قربانیوں، کبھی مستحق بیوائوں، خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم،عید پیکیج وغیرہ سے نیک کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم مخیر مقامی حضرات سمیت تمام صاحبِ ثروت حضرات اس کار خیر میں شامل ہوسکتے ہیں تاکہ آئندہ اس نیک کام کے دائرہ کار کو وسیع کیا جاسکے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان ا س سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ کارِ خیر محض انسانیت کی بنیادوں پر ہے جس کا کوئی سیاسی یا مذہبی مقصد نہیں۔ پیر سیّد تصور حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنی خوشیوں میں ہمیشہ غرباء و مساکین کو شامل کیا کریں یہی دین محمدی ﷺ کی تعلیم اور آئمہ کرام کی سنت و طریقہ ہے۔ مستحق افراد ہمارے لیے دعا کریں کہ ہمیں مزید توفیق ہو تاکہ یہ بے لوث سلسلہ خدمت جاری رکھ سکیں۔